نواز الدین صدیقی اور اہلیہ نے بچوں کی خاطر صلح کرلی

ممبئی: بالی ووڈ اداکار نوازالدین صدیقی کی اہلیہ عالیہ صدیقی نے کہا ہے کہ ہم نے بچوں کی خاطر صلح کرلی ہے، ہمارے رشتے میں تیسرے شخص کی وجہ سے درپیش غلط فہمی دور ہوگئی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ایک انٹرویو میں نوازالدین صدیقی کی اہلیہ عالیہ صدیقی نے کہا کہ جب ہم اپنی زندگی سے جڑی بری اور تلخ چیزوں کو دنیا کیساتھ شیئر کرتے ہیں تو ہمیں اپنی زندگی کی اچھی چیزوں کو بھی دنیا کے ساتھ شیئر کرنا چاہئے، چونکہ نوازالدین صدیقی یہاں تھے تو ہم نے بچوں کیساتھ اپنی شادی کی 14ویں سالگرہ منائی اور اس کی تصویر کو اپنے سوشل میڈیا پر بھی شیئر کیا۔انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل نواز الدین نے نئے سال کا جشن بھی ہمارے ساتھ منایا تھا۔عالیہ صدیقی نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ دنوں میں میری زندگی میں کچھ چیزیں بدلی ہیں۔ نوازالدین صدیقی اور میرے رشتے میں جو مسئلہ درپیش تھا وہ ہمیشہ کسی تیسرے شخص کی وجہ سے تھا لیکن اب یہ غلط فہمی دور ہوگئی ہے اور ہم نے اپنے بچوں کی خاطر صلح کرکے ایک ساتھ رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری علیحدگی نے بیٹی شورہ کو بہت متاثر کیا یہ ہی وجہ ہے ان دونوں نے صرف اپنے بچوں کی خاطر مکمل طور پر اپنے ہتھیار ڈال دیئے ہیں اور اب ان کی زندگی میں الگ ہونے کا کوئی آپشن نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اب بچے بڑے ہو رہے ہیں پھر شورہ اپنے والد نواز الدین صدیقی کے بہت قریب ہے، ہماری لڑائی جھگڑے سے وہ بہت پریشان ہوگئی تھی، وہ یہ سب برداشت نہیں کر پا رہی تھی اس لئے ہم نے فیصلہ کیا کہ اب ہم اپنے تمام اختلافات بھلا کر ایک ساتھ رہیں گے۔

Author