پی آئی اے بورڈ کا اجلاس، ادارے کی تنظیم نو ،نجکاری کی منظوری دیدی

اسلام آباد : پی آئی اے بورڈ نے ادارے کی تنظیم نو اور نجکاری کی منظوری دے دی۔ تفصیلات کے مطابق پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے جاری اعلامئے کے مطابق بورڈ کا 83واں اجلاس گزشتہ روز 25 مارچ کو منعقد ہوا جس میں پی آئی اے کی تنظیم نو اور نجکاری کیلئے سکیم آف ارینجمینٹ کی منظوری دی گئی۔اعلامئے کے مطابق پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کے ساتھ طریقہ کار طے کرے گا ،اس کیلئے پی آئی اے کی نجکاری کا منصوبہ ایس ای سی پی کو پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق پی آئی اے بورڈ نے دوکمپنیوں کے قیام کی منظوری دیتے ہوئے ادارے کو پی آئی اے سی اورپی آئی اے ہولڈنگ میں تقسیم کرنے کی بھی منظوری دی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں پی آئی اے ملازمین کے مستقبل سے متعلق تجاویزپربھی غورکیا گیا اور جن ملازمین کی سروس 4 سال رہ گئی ہے انہیں ریٹائرکرنے کی بھی تجویز دی گئی۔ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی نجکاری سے قبل رضاکارانہ ریٹائرمنٹ کی تجویزپربھی غورکیا گیا ہے۔

Author