چینی وزیرخزانہ نے اعلیٰ معیار کی ترقی کے لیے 2024 کی ترجیحات کا تعین کردیا

بیجنگ: چینی وزیر خزانہ لان فوآن نے 2024 کے دوران ملک کی اعلیٰ معیار کی ترقی میں پیشرفت کے لئے وزارت کے اہم امور کا خاکہ پیش کردیا ہے۔
بیجنگ میں منعقدہ چین ترقیاتی فورم 2024 سے خطاب میں لان نے کہا کہ وزارت نئی معیار کی پیداواری قوتوں کی ترقی تیز کرکے اختراع ، صنعتی بہتری اور مستقبل کی صنعتوں میں اضافے کے لئے مالی تعاون میں اضافہ کرے گی۔
وزیر نے کہا کہ وزارت نفع بخش سرمایہ کاری کو وسعت دینے اور اقتصادی ترقی کے فروغ میں مقامی طلب بڑھانے کے لئے ممکنہ کھپت میں اضافے پر بھی توجہ مرکوز کرے گی۔
لان کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں وزارت ،سامان کی بڑے پیمانے پر تجدید اور اشیائے صرف کی تجارت میں معاونت کرے گی جبکہ ٹیکس رعایت اور سرکاری خریداری میں ہر قسم کے کاروبار سے منصفانہ سلوک کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا تعلیم، صحت کی دیکھ بھال، سماجی اور ماحولیاتی تحفظ کے لئے وزارت زیادہ مالی وسائل مختص کرے گی جبکہ اقتصادی پالیسیوں سے متعلق دیگر بڑی معیشتوں کے ساتھ رابطوں کوتیز کیا جائے گا۔
چینی وزیرخزانہ نے مزید کہا کہ ملک میں مالیاتی اور ٹیکس اصلاحات آگے بڑھانے کی بھی کوششیں کی جائیں گی۔
رواں سال کی سرکاری کارکردگی رپورٹ کے مطابق چین نے 2024 کے لیے اپنے خسارے اور جی ڈی پی کے درمیان تناسب 3 فیصد مقرر کیا ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ خسارہ 40.6 کھرب یوآن (تقریباً 572 ارب ڈالر) ہوگا۔ یہ اعداد و شمار 2023 کے آغاز میں لگائے گئے تخمینے سے 180 ارب یوآن زائد ہیں۔

Author