امریکہ ہانگ کانگ خصوصی انتظامی خطے کے قومی سلامتی قانون کو بدنام کرنا بند کرے:چینی وزارت خارجہ

ہانگ کانگ: ہانگ کانگ خصوصی انتظامی خطے میں چینی وزارت خارجہ کے کمشنر دفتر نے ہانگ کانگ خصوصی انتظامی خطے کے تحفظِ قومی سلامتی قانون کو نشانہ بنانے پر امریکہ کی سخت مخالفت اور شدید مذمت کی ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن اور دیگر امریکی عہدیداروں اور سیاست دانوں کے ہانگ کانگ خصوصی انتطامی خطے کے تحفظ قومی سلامتی قانون سے متعلق غیر ذمہ دارانہ بیانات کی مذمت کی ہے۔ یہ قانون گزٹ ہونے کے بعد ہفتے کے روز سے نافذالعمل ہوچکا ہے۔
ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ قومی خودمختاری، سلامتی اور ترقیاتی مفادات کا تحفظ “ایک ملک، دو نظام” کی پالیسی کا اعلیٰ ترین اصول ہے۔ تحفظ قومی سلامتی کا مطلب “ایک ملک، دو نظام” اور ہانگ کانگ کی خوشحالی اوراستحکام کا تحفظ ہے۔ قانون کے نفاذ سے ہانگ کانگ کی ترقی کو حاصل تحفظ کی بنیاد مزید مستحکم ہوگی کیونکہ اسے ہانگ کانگ کے عوام کی وسیع تر حمایت حاصل ہے۔
ترجمان نے نشاندہی کی کہ یہ قانون دیگر ممالک خاص کر مشترکہ قانون کے حامل ممالک کے قانون سازی کے تجربے کی بنیاد پر تیار ہوا اور عالمی قانون اور مروجہ روایت سے مطابقت رکھتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ یہ قانون ہانگ کانگ کے رہائشیوں کے حقوق اور آزادی کے ساتھ ساتھ ہانگ کانگ میں غیرملکی اداروں اور اہلکاروں کی معمول کی مصروفیات کو مکمل طور پر تحفظ فراہم کرتا ہے یہ ہانگ کانگ میں سلامتی اور ترقی کو بہتر طریقے سے یقینی بنانے کے علاوہ دیگر شعبوں میں تبادلے اور تعاون کو وسیع کرنے میں بھی سازگار ہے۔
ترجمان نے نشاندہی کی کہ امریکہ میں انسانی حقوق اور جمہوریت کی صورتحال خوفناک ہے اور امریکہ دوسرے ممالک کو دبانے کے لیے قومی سلامتی کے تصور کا غلط استعمال کرتا ہے۔
ترجمان نےمزید کہا کہ ہانگ کانگ کے بارے میں امریکہ نظریاتی تعصب پھیلانے کا جنون رکھتا اور ہر قدم پر پابندیوں اور دباؤ کو استعمال کرتا ہے۔ اس طرح کے طریقے اس کی منافقت، دوہرے معیار، غنڈہ گردی اور ناپاک عزائم کو بے نقاب کرتے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ کوئی بیرونی مداخلت اور دھمکی چینی حکومت کے “ایک ملک، دو نظام” کو مکمل اور درست طریقے سے نافذ کرنے کے پختہ عزم یا ہانگ کانگ کے لوگوں سمیت چینی عوام کی قومی خودمختاری، سلامتی اور ترقیاتی مفادات کے تحفظ کے پختہ عزم کو متزلزل نہیں کر سکتی۔
چینی وزارت خارجہ کےکمشنردفتر نے امریکہ پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قانون کے اصولوں اور بین الاقوامی تعلقات کے بنیادی اصولوں کی پابندی کرے اور فوری طور پر ہانگ کانگ کے معاملات سمیت چین کے اندرونی معاملات میں مداخلت بند کرے۔

Author