خواتین ڈراموں کو ڈرامہ سمجھ کر دیکھیں، واقعات ذہن میں نہ بنائیں، فضیلہ قاضی

کراچی : سینئر اداکارہ فضیلہ قاضی نے کہا ہے کہ خواتین ڈراموں کو ڈرامہ سمجھ کر دیکھیں، واقعات ذہن میں نہ بنائیں، خود کو اتنا مصروف رکھا جائے کہ کسی بھی غلط چیز کو سوچنے کا وقت ہی نہ بچے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ فضیلہ قاضی نے کہا کہ ایک رشتے میں چاہے کوئی مرد ہو یا عورت دونوں کو چاہئے یہ سوچ رکھیں ہم نے اپنی زندگی میں شریک حیات کے طور پر ایک شخص کو شامل کیا ہے، آپ نے اس شخص کی اچھائی اور برائی دیکھ کر اس سے شادی کا فیصلہ کیا لیکن اس کے باوجود آپ اس شخص سے ہی عدم تحفظ کا شکار ہیں تو یقینا آپ کے گھر کا ماحول خراب ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین خود کو مصروف رکھیں ،اگر کوئی عورت کام نہیں کرتی تو شوہر اور بچوں میں خود کو مصروف رکھے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے شوہر نے شادی کے 4سے 5سال تک کام کی اجازت نہیں دی، اس دوران میں بچوں کے سارے کام خود کرتی تھی ان کا ٹیوشن مدرسہ سب خود کیا کرتی تھی، عورتوں کو چاہئے کہ اگر وہ کام نہیں بھی کرتیں تو گھر میں اتنا مصروف ہوجائیں کہ ان کے پاس کسی بھی غلط چیز کو سوچنے کا وقت نہ بچے۔انہوں نے کہا کہ آج کل گھر بیٹھی خواتین بچے کو موبائل لگا کر ایک طرف بٹھا دیتی ہیں اور خود ٹی وی کے آگے بیٹھ جاتی ہیں جس سے ان کے دماغ میں سازشیں تیار ہوتی ہیں، ایسی عورتیں اگر ڈراموں میں کوئی واقعہ دیکھ لیں ان کے ذہن میں بھی ڈرامے بننا شروع ہوجاتے ہیں لہٰذا ہمیں چاہئے ڈراموں کو ڈرامہ سمجھ کر دیکھیں۔

Author