ایپل کمپنی چین میں اپلائیڈ ریسرچ لیب کو توسیع دے گی

شنگھائی: امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اعلان کیا ہے کہ وہ شنگھائی میں اپنی اپلائیڈ تحقیقی لیب کو وسعت دے گی اور اس سال کے آخر میں شین ژین میں ایک نئی لیب قائم کرے گی۔
ایپل کے نائب صدر اور گریٹر چائنہ کے مینیجنگ ڈائریکٹر ازابیل جی ماہے نے منگل کو کہا ہے کہ شنگھائی اور شین ژین میں لیبز مصنوعات کے قابل بھروسہ ہونے، معیار اور مادی تجزیوں کے ساتھ ساتھ ذہین مصنوعات سازی میں مدد کریں گی اور انجینئرنگ اور ڈیزائن سے متعلق عالمی انجنئیرنگ ٹیم کے لیے وسائل فراہم کریں گی۔
ایپل نے کہا ہے کہ اس نے چین میں قائم کی جانے والی تحقیقی لیبز کی تعمیر کی مد میں مجموعی طور پر 1رب یوآن (تقریباً 14 کروڑ ڈالر) کی سرمایہ کاری کررکھی ہے۔
ایپل کمپنی 30 برسوں سے چین میں اپنی ترقی پر کام کر رہی ہے۔ اعدادوشمار سے معلوم ہوتاہے کمپنی کے 200 بڑے سپلائرز میں سے 151 چین میں پیداواری سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
اس وقت کمپنی کے بیجنگ، شنگھائی، سوژو اور شین ژین میں تحقیقاتی اور ترقی کے مراکزقائم ہیں۔ گزشتہ پانچ سالوں میں چین میں اس کی ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ ٹیم میں دوگنا اضافہ ہوا ہے۔

Author