پاک سعودی تعلقات مضبوط اقتصادی شراکت داری میں بدلنے کی ضرورت ہے،اسحاق ڈار

اسلام آباد : وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاک سعودی تعلقات کو مضبوط اقتصادی شراکت داری میں بدلنے کی ضرورت ہے،پاکستان میں قابل تجدید توانائی ، زراعت، توانائی، معدنیات میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں،ایس آئی ایف سی سے سرمایہ کاری اور تعاون بڑھانے میں مدد ملے گی۔تفصیلات کے مطابق خصوصی سرمایہ کاری کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور وفد کو پاکستان میں خوش آمدید کہتا ہوں، یہاں سعودی وفد کی موجودگی دونوں ممالک کے درمیان گہرے اور مستقل روابط کو واضح کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات ہیں ،ہمارے درمیان شراکت داری باہمی عزت، مشترکہ مفادات اور بہتر مستقبل کے وژن کیلئے ہے، سعودی عرب کے ساتھ طویل المدت اور آزمائشی دوستی ہماری خارجہ پالیسی کا ایک اہم عنصر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس آئی ایف سی، پاک سعودی تعلقات اور مذہبی و ثقافتی اقدار پر مبنی ہیں، ایس آئی ایف سی سے سرمایہ کاری اور تعاون بڑھانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قابل تجدید توانائی ، زراعت، توانائی، معدنیات میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئی ٹی اور کان کنی کے شعبوں میں تعاون دونوں ممالک کیلئے مفید ہے، دونوں ممالک کے تعاون سے بہترین نتائج کی امید ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری دونوں ممالک کے مستقبل کیلئے فائدہ مند ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں برادرانہ تعلقات کو مضبوط اقتصادی شراکت داری میں بدلنے کی ضرورت ہے۔

Author