بلوچستان میں پنجابیوں کے قتل واقعے کی تحقیقات جاری ، عامر تانبا کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کا شبہ ہے،محسن نقوی

لاہور : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں 8پنجابیوں کے قتل کے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، عامر تانبا کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کا شبہ ہے،ہوائی اڈوں پر امیگریشن کانٹرز کا مسئلہ حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کسی صورت نہیں رکے گا، سوشل میڈیا بارے قانون سازی ہونی چاہئے، پاکستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی پلاننگ افغانستان میں ہونا سنگین مسئلہ ہے، اس بارے افغان حکام سے رابطے میں ہیں۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ہوائی اڈوں پر امیگریشن کاؤنٹرز کا مسئلہ حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، لاہورایئرپورٹ پر کافی رش ہوتا ہے، میں نے خود ایئرپورٹ پر ڈھائی گھنٹے انتظار کیا ہوا ہے، ہم اگلے دو چار دن میں لاہور ایئرپورٹ کا دورہ کرنے لگے ہیں، انہوں نے کہاکہ انگلینڈ کے ہیتھرو ائیر پورٹ پر بھی انتظار کرنا پڑتا ہے لیکن ہم اپنے ہوائی اڈوں پر ایسا نہیں کرنا چاہتے،کوشش کررہے ہیں لوگوں کو ایئرپورٹس کو انتظار نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہاکہ، ہم نے ہوائی اڈوں پر ای گیٹ پر بھی کام شروع کردیا ہے تاکہ بغیر امیگریشن افسر کے پاسپورٹ سکین کر کے پاس کرلیا جائے۔انہوں نے کہا کہ آج کے اجلاس کا مقصداوور بلنگ تھا، اس وقت بجلی کی قیمت بہت زیادہ ہے،اس سلسلے میں ایف آئی اے لاہور نے کافی اچھا کام کیا ہے ، انہوں نے لیسکو میں 83کروڑ یونٹ اووربل پکڑے ہیں، آپ کو پتہ نہیں کہ بل 20ہزار آرہا اور آپ 40ہزار ادا کررہے ہیں، 300یونٹ والے عام صارفین کو بھی زائد یونٹ ڈالے گئے، ایف آئی اے نے اووربلنگ کو پکڑا ہے، لاہور کے علاوہ باقی سیکٹر بھی کام کررہے ہیں، ایف آئی اے کی سائبر سائٹ پر بھی کام شروع ہوگا ، آپ اس پر بھی تبدیلی دیکھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ بجلی چوروں کیخلاف آپریشن کسی صورت نہیں رکے گا،ہم ملک سے اس کا خاتمہ کریں گے، ڈی جی ایف آئی اے پر بہت پریشر آرہا ہے ،میری وزیر اعظم سے بھی بات ہوئی ہے، انہوں نے یقین دہانی کروائی ہے کہ جو بھی دباؤ ہوگا ایف آئی اے کا ساتھ دینگے، ہم پاور منسٹری کے ساتھ مل کر بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں کام کررہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اووربلنگ بدقسمتی سے گورنمنٹ سائٹ سے ہورہی ہے، ابھی 2ایکسین گرفتار ہوئے ہیں، کسی لیول پر بھی جانا پڑا جائیں گے،کسی کو معافی نہیں دے جائیگی، گرفتار 2ایکسین خود مانے ہیں کہ ہم یہ کام کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں 8پنجابیوں کے قتل کے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، ان کو زیارت کے ویزے پر لے جایا جارہا تھا، ہیومن ٹریفکنگ پر بھی کام جاری ہے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان میں براہ راست کارروائیوں میں ملوث ہے، عامر تانبا کے قتل میں بھی شواہد اسی طرح کے ہیں، عامر تانبا پر فائرنگ کی پولیس تفتیش کررہی ہے، اب تک ان کا شک بھارت پر جارہا ہے، عامر تانبا سے پہلے بھی قتل کے 4واقعات میں بھارت ملوث تھا۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں سٹریٹ کرائم بارے آئی جی سندھ سے رابطے میں ہوں ،سندھ پولیس اس پر کام کر رہی ہے ،روزانہ کی بنیاد پر لوگوں کو پکڑا جارہا ہے۔سوشل میڈیا بارے سوال پر انہوں نے کہا کہ برطانیہ، امریکا میں کوئی جھوٹی ٹوئٹ کرے تو اس کو پکڑا جاتا ہے، پاکستان میں یہ ہوتا ہے کسی پہ کیچڑ نہیں اچھالنی چاہئے، سوشل میڈیا پر پابندی نہیں ہونی چاہئے مگر قانون سازی ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ میرا حق ہے کہ کوئی مجھ پر جھوٹا الزام لگائے تو میں اس کے خلاف کہیں جا سکوں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلسل افغانستان سے بات چیت کر رہا ہے، دہشت گردی کے حالیہ جتنے بھی واقعات ہورہے ہیں تقریبا ساروں کے پیچھے ماسٹر مائنڈ یا ساری پلاننگ افغانستان سے ہو رہی ہے، یہ ایک سنگین مسئلہ ہے اور ہم اس پر کام کر رہے ہیں۔

Author