ملکی آئین آزادی صحافت کا ضامن ہے، آصف زرداری

اسلام آباد : صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ ملکی آئین آزادی صحافت کا ضامن ہے، ،قومی مفاد مدنظر رکھ کرذمہ دارانہ اور درست رپورٹنگ کرنا میڈیا کی ذمہ داری ہے، میڈیا جعلی خبروں کے سدباب و اخلاقی اقدار کے فروغ کیلئے کردار ادا کرے۔
تفصیلات کے مطابق آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر بیان میں صدر زرداری نے کہا کہ آج ہم میڈیا کو آئین کے مطابق آزاد، خود مختار اور متنوع بنانے کیلئے ماحول تشکیل دینے کے عزم کے ساتھ آزادی صحافت کا دن منا رہے ہیں ، آزادی صحافت کا عالمی دن ہمیں ملک میں آزادی صحافت کی صورتحال پر غور کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے ، یہ دن صحافیوں کیلئے محفوظ اور سازگار ماحول پیدا کرنے کی کوششیں کی یاد دہانی کراتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک آزاد پریس عالمی اہمیت کے مسائل اجاگر کرنے، جعلی خبریں اور توہمات دور کرنے، معاشرے کی جانب سے نگرانی کرنے کیلئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہاکہ موسمیاتی تبدیلی، گرین ٹیکنالوجیز، آلودگی اور گلوبل وارمنگ سمیت عالمی مسائل بارے آگاہی پیدا کرنے میں میڈیا کا اہم کردار ہے، اس سال آزادی صحافت کے عالمی دن کا عنوان ‘سیارے کے لئے ایک پریس: ماحولیاتی بحران کا سامنا کرتی صحافت’ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے انسانی زندگی اور ماحول پر اثرات بارے آگاہی پیدا کرنے کیلئے آزاد صحافت اہم ہے ، میڈیا لوگوں کو ماحولیاتی نظام پر موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کم کرنے کیلئے ماحول کے تحفظ کی ترغیب دینے میں اپنا کردار ادا کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں صحافیوں کو کام کرنے میں دشواریو ں کا سامنا ہے، صحافیوں کو ڈر، خوف، ہراسیت سے پاک ماحول فراہم کرنا ہوگا تاکہ وہ آزادانہ طور پر رائے کا اظہار کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین آزادی صحافت کی ضمانت دیتا ہے، قومی مفاد مدنظر رکھ کرذمہ دارانہ اور درست رپورٹنگ کرنا میڈیا کی ذمہ داری ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بلا خوف و خطر اہم مسائل پر آزادانہ رپورٹنگ کیلئے صحافیوں کی سکیورٹی و سلامتی کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ میڈیا عالمی تشویش کے مسائل کے بارے بیداری پیدا کرنے میں تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔

Author