وزیر داخلہ کا پاکستان کوسٹ گارڈز کو اپ گریڈ کرنے کا اعلان

اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان کوسٹ گارڈز کو اپ گریڈ کرنے کا اعلان کر تے ہوئے کہا ہے کہ کم وسائل کے باوجود کوسٹ گارڈز کی کارکردگی بہترین ہے،کوسٹل ایریاز سے سمگلنگ روکنے کیلئے کوسٹ گارڈز کو مزید متحرک کردار ادا کرنا ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت پاکستان کوسٹ گارڈز کے ہیڈ کوارٹر میں اجلاس کا انعقاد ہوا جس میں سیکرٹری داخلہ، پاکستان کوسٹ گارڈز کے اعلی حکام اور افسران نے شرکت کی۔ہیڈکوارٹر آمد پر ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈز بریگیڈئر غلام عباس نے وزیر داخلہ کا خیر مقدم کیا اور افسران سے تعارف کرایا ۔وزیرداخلہ نے کوسٹ گارڈز کی یادگار شہداء پر حاضری دی ، پھول چڑھائے، فاتحہ خوانی کی اور شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے پاکستان کوسٹل گارڈز کو جدید خطوط پر استوار کرنے کااعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کم وسائل کے باوجود کوسٹل گارڈز کی کارکردگی بہترین ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوسٹل ایریاز میں انسداد سمگلنگ کیلئے کوسٹ گارڈز کو مزید متحرک کردار ادا کرنا ہوگا۔

Author