تجارتی فروغ کیلئے ون بیلٹ ون روڈ منصوبہ افغانستان تک جائے گا، چینی قونصل جنرل

کراچی : چینی قونصل جنرل جانگ ین ڈونگ نے کہاہے کہ تجارت کے فروغ کے لئے ون بیلٹ ون روڈ منصوبہ گوادر سے افغانستان تک جائیگا،سی پیک کیساتھ بلوچستان میں مقامی لوگوں کا طرز زندگی بدلنے پربھی کام جاری ہے،گوادر میں انٹرنیشنل ایئر پورٹ کی تعمیر مکمل ہو چکی ،افتتاح جلد ہوگا۔کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چینی قونصل جنرل یانگ ین ڈونگ نے کہاکہ کوئی بھی ملک سی پیک میں سرمایہ کاری کر سکتا ہے اس حوالے سے حال ہی میں قطری حکام نے سی پیک کا حصہ بننے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک بارے میں یہ تاثر غلط ہے کہ منصوبے میں صرف چینی انجینئرز یا ماہرین کام کر رہے ہیں ،موجودہ صورتِ حال میں پاکستانی انجینئرز اور ماہرین کی بڑی تعداد سی پیک کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ،چین سی پیک کے ساتھ بلوچستان میں مقامی لوگوں کا طرزِ زندگی بدلنے کے لئے بھی کام کر رہے ہیں، بالخصوص گوادر کی مقامی آبادی کو مختلف بنیادی انسانی سہولتیں فراہم کی جا چکی ہیں جبکہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گوادر میں سولر لائٹس لگانے کے منصوبے پر بھی کام تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گوادر میں انٹرنیشنل ایئر پورٹ کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے، سٹیٹ آف دی آرٹ منصوبے کا افتتاح جلد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ون بیلٹ ون روڈ منصوبہ گوادر سے افغانستان تک جائے گا جس سے خطے میں تجارت کو فروغ ملے گا۔

Author