سی پیک اہم منصوبہ ، پاک چین تعلقات کی علامت ہے،احسن اقبال

بیجنگ: وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک اہم منصوبہ ، پاک ۔چین تعلقات کی علامت ہے،منصوبہ خطے کے معاشی منظر نامے کو تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے ۔منگل کوبیجنگ میں سی پیک کی 12ویں خصوصی مشترکہ تعاون کمیٹی (جے سی سی) کا اجلاس منعقد ہوا جس کی مشترکہ صدارت وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال اور وائس چیئرمین این ڈی آر سی چائنا کانگ لیانگ نے کی۔ اجلاس میں پاکستان اور چین کی مختلف وزارتوں اور محکموں کے سینئر حکام اور نمائندے بھی موجود تھے۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک اہم منصوبہ ہے جو پاک ۔چین تعلقات کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبہ خطے کے معاشی منظر نامے کو تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان چین اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کی اولین قومی ترجیح ہے ،ان راستوں نے کامیابیوں کو مستحکم کرنے اور مستقبل کے ممکنہ تعاون کو مزید بڑھانے کا موقع فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ متعدد سنگ میل پہلے ہی حاصل کئے جا چکے ہیں، زراعت، صنعت، ٹیکنالوجی اور کان کنی کے شعبوں میں توسیع اور ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
وفاقی وزیر نے پاکستان میں کام کرنے والی چینی کمپنیوں اور شہریوں کے لئے مستقل پالیسیاں اور سازگار ماحول فراہم کرنے کے لئے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔اجلاس میں توانائی، ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر اور گوادر پورٹ پر جوائنٹ ورکنگ گروپس کے کنونیئرز نے مخصوص شعبوں میں ہونے والی پیش رفت کو اجاگر کیا اور مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

Author