شنگھائی (شِنہوا) شنگھائی کی بلدیہ عوامی کانگریس کے جاری سالانہ اجلاس میں پیش کردہ رپورٹ کے مطابق شنگھائی نے پچھلے سال سائنسی اور تکنیکی جدت کو بھرپور فروغ دیا جس کے نتیجے میں شہر میں روزانہ اوسطاً 320 سے زیادہ نئی ٹیکنالوجی کمپنیاں قائم ہوئیں۔
بلدیہ حکومت کی کارکردگی رپورٹ کے مطابق 2025 میں شنگھائی نے اپنی مجموعی پیداوار (جی ڈی پی) کا تقریباً 4.5 فیصد تحقیق و ترقی پر خرچ کیا۔
صنعتی شعبے میں اس کی ابھرتی ہوئی تزویراتی صنعتوں کی مجموعی پیداوار گزشتہ سال 6.5 فیصد بڑھی اور تین اہم صنعتوں مربوط سرکٹس، بائیو میڈیسن اور اے آئی کا مجموعی حجم 20 کھرب یوآن (تقریباً 287.63 ارب امریکی ڈالر) سے تجاوز کر گیا۔
شنگھائی مسلسل اپنے سرکردہ ٹیکنالوجی اداروں اور تیزی سے بڑھتی ہوئی کمپنیوں کے لئے اعانتی پالیسیاں بہتر کر رہا ہے۔ 2025 کے آخر تک شہر میں 23 ہزار سے زیادہ جدید چھوٹے اور درمیانے درجے کے ادارے (ایس ایم ایز)، 13 ہزار ماہر اور جدید ایس ایم ایز اور ایک ہزار "چھوٹی کامیاب کمپنیاں” موجود تھیں جو مخصوص شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھا رہی تھیں۔
اسی دوران شہر نے اعلیٰ معیار کے 18 انکیوبیٹرز قائم کئے جو ابھرتی ہوئی صنعتوں اور جدید شعبوں جیسے آپٹو الیکٹرانک کوانٹم ٹیکنالوجی، سمارٹ سینسنگ، مصنوعی حیاتیات اور سیل و جین تھراپی کا احاطہ کرتے ہیں۔
شنگھائی کی حکومت کی کارکردگی رپورٹ میں خاص طور پر تکنیکی جدت کو مضبوط بنانے، جدید اداروں کے فروغ کے نظام کو بہتر کرنے اور 2026 میں 50 سے زیادہ جدید سمارٹ فیکٹریاں قائم کرنے کے منصوبے بھی شامل ہیں۔




