بیجنگ (شِنہوا) چین کی وزارت صنعت و انفارمیشن ٹیکنالوجی (ایم آئی آئی ٹی) نے "معیاری” چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز) کے فروغ کے لئے اپنے انتظامی اقدامات پر نظرثانی کی ہے اور باضابطہ طور پر ٹیکنالوجی پر مبنی کمپنیوں کو اپنے ترقیاتی منصوبے میں شامل کر دیا ہے۔
نظرثانی شدہ اقدامات یکم اپریل 2026 سے نافذ ہوں گے اور ان میں ایک فعال طریقہ کار شامل ہے، جس کے ذریعے سپلائی چین، تخلیقی ملکیت اور ہنر کی ترقی کے شعبوں کے اعداد و شمار کا تجزیہ کر کے اعلیٰ صلاحیت رکھنے والے ایس ایم ایز کی نشاندہی کی جائے گی۔
اس کے علاوہ "معیاری” ایس ایم ایز کی شناخت کے معیار کو بہتر بنایا گیا ہے، جس میں بین الاقوامی مارکیٹ میں حصہ داری، تحقیق و ترقی میں سرمایہ کاری اور تخلیقی ملکیتی حقوق پر زور دیا گیا ہے۔
ان اقدامات کے مطابق مقامی حکومتوں کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے کہ وہ مالی، ٹیکس اور صنعتی پالیسیوں کا فائدہ اٹھا کر ایس ایم ایز کو ان کی مخصوص ضروریات اور ترقی کے مراحل کے مطابق خصوصی معاونت فراہم کریں۔
یہ اقدام چین کی جاری کوششوں کی عکاسی کرتا ہے جس کا مقصد ایس ایم ایز کو فروغ دینا ہے، جنہیں روزگار کے مواقع پیدا کرنے، اقتصادی ترقی اور جدت کے اہم محرکات کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔
چین نے اپنے 14 ویں پانچ سالہ منصوبے کے آغاز سے اب تک 17 ہزار 600 چھوٹی کامیاب کمپنیاں پروان چڑھائی ہیں اور ٹیکنالوجی اور جدت پر مبنی 6 لاکھ سے زائد ایس ایم ایز کی معاونت کی ہے۔
ایم آئی آئی ٹی کے ایک اہلکار نے کہا کہ وزارت دیگر اداروں اور مقامی حکومتوں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی تاکہ ایس ایم ایز کی ترقی کو مزید بہتر بنایا جا سکے اور اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ خصوصی اور جدت پر مبنی کاروبار مسلسل بڑھتے رہیں۔




