امریکہ کے واشنگٹن ڈی سی میں وائٹ ہاؤس کی عمارت کا ایک منظر۔(شِنہوا)
واشنگٹن(شِنہوا)امریکہ نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے ساتھ 200 ارب امریکی ڈالرسے زائد مالیت کے معاہدوں کا اعلان کیا ہے جن میں بالخصوص جدید ٹیکنالوجی، ایئرو سپیس، توانائی اور اہم معدنیات سے متعلق معاہدے شامل ہیں۔
وائٹ ہاؤس کے ایک اعلامیہ کے مطابق بوئنگ اور جی ای ایئرو سپیس نے اتحاد ایئرویز کے ساتھ جی ای انجن سے چلنے والے 28 بوئنگ 787 اور 777 ایکس طیارے خریدنے کا 14.5 ارب ڈالر کا معاہدہ کیا ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ایمریٹس گلوبل ایلومینیئم امریکی ریاست اوکلاہاما میں 4 ارب ڈالر کے خالص ایلومینیئم کے ایک بنیادی منصوبے میں سرمایہ کاری کرے گا۔ اس منصوبے کو امریکہ میں گزشتہ 45 سالوں میں قائم ہونے والے ابتدائی ایلومینیئم سملٹرز میں سے ایک قرار دیا گیا ہے۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ ایگزون موبل، آکسیڈینٹل پٹرولیم اور ای او جی ریسورسز ابوظہبی نیشنل آئل کمپنی کے ساتھ مل کر تیل اور قدرتی گیس کی پیداوار کے 60 ارب ڈالر مالیت کے توسیعی منصوبے میں شراکت داری کر رہے ہیں جبکہ آر ٹی ایکس، ایمریٹس گلوبل ایلومینیئم اور متحدہ عرب امارات کی توازن کونسل کے ساتھ ایک جدید گیلیئم منصوبے میں شراکت کر رہی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب اور قطر کے بعد جمعرات کو متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا تھا جو مشرق وسطیٰ کے دورے میں ان کا آخری پڑاؤ تھا۔ متحدہ عرب امارات نے آئندہ دہائی کے دوران امریکہ میں 14 کھرب ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا ہے۔
