وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے بتایا ہے کہ 48 گھنٹوں میں خوارج گل بہادر گروپ کے 100 سے زائد دہشت گرد جہنم رسید کرچکے ہیں، افغان سرزمین سے بھارت نواز دہشت گردی کا حل افغان کنٹرول اور مذاکرات میں ہے ،ملکی سالمیت ،عوام کے تحفظ کا مکمل حق حاصل ہے، سرحد پار دہشت گردی کے خلاف موثر ردعمل یقینی بنایا جائے گا۔
سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر جاری بیان میں عطاء تارڑ نے بتایا کہ پاکستان نے پاک افغان سرحد کے نزدیک شمالی و جنوبی وزیرستان اضلاع کے سرحدی علاقوں میں خارجی گل بہادر گروپ پر حملے کئے، 48گھنٹے طویل جنگ بندی کے دوران افغانستان میں متحرک خارجیوں نے بار بار پاکستان میں دہشت گردانہ حملے کی کوششیں کیں جنہیں سیکیورٹی فورسز نے مو ثر انداز میں پسپا کیا، سیکیورٹی فورسز کی موثر کارروائی میں 100سے زائد خارجی جہنم واصل کئے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ خارجی گل بہادر کے عناصر نے شمالی وزیرستان میں گاڑی پر بم حملہ بھی کیا جس کے نتیجے میں شہری اور فوجی جوان شہید جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔ انہوںنے بتایا کہ انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پرخارجی گل بہادر کیخلاف گزشتہ شب اسٹرائیکس کے نتیجے میں کم از کم 60تا 70خارجی اور قیادت کو جہنم واصل کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ شہریوں کو نشانہ بنانے بارے کی جانیوالی تمام قیاس آرائیاں اور دعوے بے بنیاد ،افغانستان میں کام کرنیوالی دہشت گرد تنظیموں کی حمایت حاصل کرنے کی کوششیں ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان مخلصانہ طور پر یقین رکھتا ہے ،افغانستان کی سرزمین سے جاری بھارت نواز دہشت گردی کا مسئلہ مذاکرات اور افغان حکام کی جانب سے غیر ریاستی عناصر پر کنٹرول کے ذریعے حل کرنے میں مضمر ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کو اپنی سرحدی سالمیت اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کا مکمل حق حاصل ہے ،افغانستان سے کارروائیاں کرنیوالے دہشت گردوں کو سکون سے رہنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائیگی۔
