چینی وزیر خارجہ وانگ یی کا بیجنگ میں یورپی یونین اور اس کے رکن ممالک کے سفیروں کے ساتھ گروپ فوٹو۔ (شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ چین بین الاقوامی تجارتی قوانین، شفافیت اور انصاف کے دفاع کے لئے یورپی یونین سمیت بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔
ترجمان لِن جیان نے یہ بات روزانہ کی نیوز بریفنگ کے دوران اس وقت کہی جب ان سے امریکی محصولات کے بارے میں چین اور یورپی یونین کے درمیان روابط اور تعاون کے بارے میں مزید معلومات فراہم کرنے کے لئے سوال کیا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ امریکہ زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے اور خود غرضی کے لئے محصولات کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کرتا ہے اور بین الاقوامی برادری کی بھلائی پر اپنے مفادات کو ترجیح دیتا ہے۔ یہ یکطرفہ مفاد، تحفظ پسندی اور معاشی غنڈہ گردی کا ایک عام اقدام ہے جس سے چین، یورپی یونین اور باقی دنیا کے مفادات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ دوسری اور تیسری بڑی معیشتوں کی حیثیت سے چین اور یورپی یونین مجموعی طور پر عالمی معیشت کا ایک تہائی سے زیادہ اور عالمی تجارت کا ایک چوتھائی سے زیادہ حصہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں فریق معاشی عالمگیریت اور تجارتی آزادی کے حق میں ہیں اور عالمی تجارتی تنظیم کے مضبوط محافظ اور حامی ہیں۔
لِن جیان نے کہا کہ ایک ذمہ دار بڑے ملک کی حیثیت سے چین نے پہلے ہی ٹھوس اقدامات کئے ہیں اور اپنے جائز مفادات کے تحفظ کے لئے ایسا کرتے رہیں گے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ چین یورپی یونین سمیت بین الاقوامی برادری کے ساتھ رابطے اور ہم آہنگی کو بڑھانے، ترقیاتی مواقع بانٹنے ، کھلے پن اور تعاون کو وسعت دینے اور باہمی فوائد حاصل کرنے کے لئے تیار ہے۔ ہم نہ صرف متعلقہ مفادات کا تحفظ کریں گے بلکہ بین الاقوامی تجارتی قوانین، شفافیت اور انصاف کا دفاع بھی کریں گے۔
