چین کے دارالحکومت بیجنگ کے دیاؤیوتائی اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں چینی صدر شی جن پھنگ نے اسپین کے وزیر اعظم پیڈروسانچیز سے ملاقات کی۔ (شِنہوا)
بیجنگ (شِنہوا) چینی صدر شی جن پھنگ نے کہا ہے کہ محصولات کی جنگ میں کوئی فاتح نہیں ہوتا ہے اور دنیا کے برخلاف جانے کا نتیجہ صرف تنہائی کی شکل میں نکلے گا۔
صدر شی نے جمعہ کے روز بیجنگ میں اسپین کے وزیراعظم پیڈروسانچیز سے ملاقات میں کہا گزشتہ 70 برس سے زائد عرصے میں چین نے خود انحصاری اور سخت جدوجہد سے ترقی کی ہے۔اس نے کبھی بھی دوسروں کی عنایتوں پر بھروسہ نہیں کیا اور اب بھی کسی غیر معقول جبر سے کم ہی ڈرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ بیرونی دنیا کیسے بدل رہی ہے، چین پراعتماد رہے گا اور اپنے امور اچھے طریقے سے چلانے پر توجہ مرکوز کرے گا۔
شی نے کہا کہ چین اور یورپی یونین دونوں دنیا کی بڑی معیشتیں ہیں اور اقتصادی عالمگیریت اور آزاد تجارت کے مضبوط حامی ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ فریقین نے اقتصادی ہم آہنگی کا قریبی رشتہ قائم کیا ہے اور ان کی مشترکہ اقتصادی پیداواردنیا کی مجموعی پیداوار کے ایک تہائی سے زائد ہے۔
انہوں نے چین اور یورپی یونین پر زور دیا کہ وہ اپنی عالمی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے اقتصادی عالمگیریت اور عالمی تجارتی ماحول کے تحفظ کے لئے مل کر کام کریں اور مشترکہ طور پر یکطرفہ بدمعاشی کے خلاف مزاحمت کریں۔
شی کا کہنا تھا کہ یہ نہ صرف چین اور یورپی یونین کے جائز حقوق اور مفادات کا تحفظ کرتا ہے بلکہ عالمی قوانین اور نظم و نسق کو برقرار رکھتے ہوئے عالمی برادری کے اندر شفافیت اور انصاف قائم کرنے میں بھی کردار ادا کرتا ہے۔
ملاقات کے دوران سانچیز نے کہا کہ چین ، یورپی یونین کا ایک اہم شراکت دار ہے اور اسپین نے ہمیشہ یورپی یونین۔ چین تعلقات میں مستحکم پیشرفت کی حمایت کی ہے۔
انہوں نے اس بات کا ذکر کیا کہ یورپی یونین کھلے پن اور آزاد تجارت کے لئے پرعزم ہے، کثیر الجہتی کو برقرار رکھتے ہوئے محصولات میں یکطرفہ اضافے کی مخالفت کرتا ہے۔
سانچیز کا کہنا تھا کہ تجارتی جنگ میں کوئی فاتح نہیں ہوتا۔
