راولپنڈی/چکوال: پی ٹی آئی کے احتجاج کے پیش نظر راولپنڈی انتظامیہ نے دفعہ 144 کا نفاذ کرتے ہوئے شہر کے تمام اہم مقامات، داخلی و خارجی راستے، موٹروے ایم 2 کلرکہار، بلکسر،مندرہ چکوال روڈ، جہلم روڈ اور نیلہ دلہہ انٹرچینج کو کنٹینرز و خاردار تاروں سے بند کر کے بھاری تعداد میں پولیس نفری تعینات کردی جبکہ مختلف علاقوں میں موبائل سروس بھی معطل کردی گئی۔
اسلام آباد ائیرپورٹ اور موٹروے جانے والے تمام راستے 26 نمبر چونگی کے مقام پر بند کردیے گیے ،شہری 26 نمبر پل سے ائیرپورٹ پیدل روانہ ہونے لگے۔ میٹرو بس سروس اور راستوں کی بندش سے مریضوں کو ہسپتال لے جانے اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی احتجاج کے پیش نظر راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 کا نفاذ کرتے ہوئے شہر کے تمام اہم مقامات فیض آباد سے مریڑ چوک،مری روڈ داخل ہونیوالے تمام راستے، لیاقت باغ چوک،کمیٹی چوک،اصغر مال چوک، صادق آباد، چاندی چوک، راول روڈ،شمس آباد ڈبل روڈ چوک،لیاقت روڈ،اقبال روڈ،سکستھ روڈ،صدر، گوالمنڈی سمیت تمام داخلی و خارجی راستے کنٹینرز لگاکر مکمل طور پر بند کردیئے ہیں، چھوٹی چھوٹی گلیاں بھی ریڑھے،خار دار تاریں لگا کرسیل کردی گئی ہیں، لیاقت باغ سیل کر کے اہم مقامات پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے جبکہ مختلف علاقوں میں موبائل سروس بھی معطل کردی گئی ہے۔
میٹرو سروس معطل اور راستوں کی بندش سے مریضوں کو ہسپتال لے جانے اورعوام کو سفر میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انتظامیہ نے لیاقت باغ کے قریب موجود تمام سرکاری دفاتر بھی مکمل طور پر سیل کردیئے ہیں جبکہ لیاقت روڈ، اقبال روڈ اور سکستھ روڈ پر موجود تمام تعلیمی ادارے بھی بند کردیئے گئے ہیں، ان علاقوں میں موجود تمام ہوٹل بند کرا کے کمرے خالی کرا لئے گئے ہیں۔
علاوہ ازیں کھنہ پل، ترنول جی ٹی روڈ، روات جی ٹی روڈ،موٹروے ایم 2 کلرکہار، بلکسر،مندرہ چکوال روڈ، جہلم روڈ اور نیلہ دلہہ انٹرچینج کو بھی بند کر دیا گیا ہے،ضلع چکوال کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر بھی کنٹینرز کھڑے کر دیئے گئے،تمام مرکزی شاہراہیں بند ہونے سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں جس سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، اسی طرح مری،کوٹلی ستیاں، کہوٹہ، ٹیکسلا،کلر سیداں سے راولپنڈی شہر کے راستے بھی مکمل سیل کردیئے گئے ہیں۔ شہر سے اڈیالہ جیل جانے والے تمام راستے بھی مکمل طورپر بند ہیں،اڈیالہ جیل کے سامنے تمام اقسام کی پارکنگ اور کھڑے ہونے پر پابندی عائد کرتے ہوئے اڈیالہ جیل گاؤں جانے والی ٹرانسپورٹ بھی بند کر دی گئی ہے۔انتظامیہ کی جانب سے تمام چوراہوں میں پولیس اور قیدی وینز پہنچا دی گئی ہیں۔
