پشاور: وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپورنے صوبے میں چیک پوسٹیں ختم کر کے جرگہ سسٹم بحال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ ضم اضلاع میں وہاں کے ڈومیسائل کے بغیر کوئی باہر سے بھرتی نہیں ہوگا، عوام کو اختیار ملنے سے مسائل حل ہونگے، غیر قانونی بھرتیوں بارے تحقیقات کررہے ہیں، کرپشن کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہو گی، افغان قونصلر جنرل نے موقف دیا ہے ایسی بات نہیں وہ قومی ترانے کی عزت نہیں کرتے وہ میوزک کی وجہ سے کھڑے نہیں ہوئے،فیصل کریم کنڈی اہمیت چاہتے ہیں اسی لئے بغیر ثبوت باتیں کرتے ہیں،ان پر اسلام آباد کا گورنر ہاؤس بند کر دیا،چاہتے ہیں پشاور گورنر ہاؤس بھی بند کر دوں۔
تفصیلات کے مطابق پشاور میں ’اختیار عوام کا‘ پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ عوام کو اختیار ملے گا تو مسائل حل ہوں گے، چیف منسٹر پورٹل تمام چیزوں کو دیکھ کر بنایا گیا ہے، ہماری پہلی ترجیح عوام ہے، یہ کام آپ کے ٹیکس کے پیسوں سے ہورہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہرجگہ پر بہتری کی گنجائش ہوتی ہے، پورٹل سے پتا چلے گا کہ آپ کے ٹیکس کے پیسوں سے کیا ہورہا ہے؟۔انہوں نے کہا کہ پرویز خٹک اور محمود خان کے دور میں شکایتی سیلز میں خامیاں تھیں، نئے پورٹل میں خامیوں کو دور کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ غیر قانونی بھرتیوں کو نکالنا ہوگا، عوام کا ٹیکس کا پیسہ ضائع نہیں کرنا ہے، غیر قانونی بھرتیوں بارے تحقیقات کررہے ہیں، کرپشن کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اصلاح پہلے ہے، سزا بعد میں، اس لئے کہتا ہوں کہ اپنی اصلاح کریں، ہماری پہلی ترجیح عوام ہیں، جوبھی اچھی کارکردگی دکھائے گا اس کو ایوارڈ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے ضم اضلاع میں انفراسٹرکچر کا جائزہ لینے کی ہدایات کی ہے، متعلقہ افسران سے سروے بارے کہا گیا ہے جو چیزیں نہیں ہورہی ہیں اس کے بارے میں بتائیں تاکہ ہم اس کا مداوا کریں، ہمارا مین فوکس ضم اضلاع پر ہے، ضم اضلاع میں وہاں کے ڈومیسائل کے بغیر کوئی باہر سے آکر بھرتی نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جرگہ سسٹم کو دوبارہ بحال کررہے ہیں، ہمارا جرگہ سسٹم ایک نظام ہے، قبائلی اضلاع میں جرگہ نظام بحال ہوگا، ادارے اور پولیس مل کر جرگے کے ساتھ امن وامان میں کردار ادا کریں گے، ضم اضلاع میں امن وامان کی صورت حال نارمل ہو جائے گی، ہم ان حالات سے غافل نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چیک پوسٹوں سے عوام کو تکلیف ہے لہٰذا جن چیک پوسٹوں کی ضرورت نہیں انہیں ختم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو اختیار دے رہے ہیں کیونکہ عوام نے اپنے ووٹ کے ذریعے ہمیں اختیار دیا ہے، حقیقی جمہوریت بھی یہی ہے عوام اور حکومت میں رابطہ ہو۔انہوں نے کہا کہ قومی ترانے کے احترام میں کھڑے نہ ہونے بارے موقف دے دیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ایسی کوئی بات نہیں کہ وہ ہمارے قومی ترانے کی عزت نہیں کرتے، افغان قونصلر جنرل میوزک کی وجہ سے کھڑے نہیں ہوئے۔انہوں نے کہا کہ جلسے کی بھر پور تیاری جاری ہے جو ہوگا آگے پتا چلے گا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اصل میں گورنر فیصل کریم کنڈی اہمیت چاہتے ہیں اسی لئے بغیر ثبوت باتیں کرتے ہیں، آئینی طور پر گورنر کچھ نہیں کر سکتا، ان کی کوئی اہمیت نہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کی جمہوریت پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے یہ فارم 47 پر آئے ہوئے لوگ ہیں ان کوگورنر بنا دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ فیصل کریم کنڈی پر اسلام آباد کا گورنر ہاؤس بند کر دیا ہے، وہ چاہتے ہیں پشاور میں گورنر ہاؤس بھی بند کر دوں، اس کی سمری پہلے سے موجود ہے کیونکہ انہیں گورنر ہاؤس راس نہیں آرہا، انہیں کسی اینکسی میں بھیجوں گا۔
