برازیل سے تعلق رکھنے والی سوشل میڈیا انفلوئنسر بیانکا ڈیاس 27 برس کی عمر میں پلاسٹک سرجری کے بعد پیش آنیوالی پیچیدگیوں کے باعث چل بسیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بیانکا ڈیاس سرجری کے بعد سا پالو کے قریب اپنے اہلخانہ کے گھر میں صحتیاب ہو رہی تھیں کہ اچانک انہیں سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا، بعدازاں معلوم ہوا کہ انہیں پلمونری ایمبولزم (پھیپھڑوں میں خون کا لوتھڑا) ہوا ہے، انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹرز انہیں بچانے میں کامیاب نہ ہو سکے، انکی قریبی دوست نے انسٹاگرام پر خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بیانکا نے سرجری کروائی تھی اور صحتیابی کے دوران انہیں 2 مرتبہ دورے پڑے اور پھیپھڑوں میں خون کا لوتھڑا بن گیا تھا، ہسپتال پہنچنے تک بیانکا کی حالت انتہائی تشویشناک ہو چکی تھی، اگرچہ سرجری کی نوعیت کے بارے میں باضابطہ طور پر کوئی تفصیل جاری نہیں کی گئی تاہم بتایا گیا ہے کہ وہ آپریشن کے محض 18 دن بعد ہی موت کے منہ میں چلی گئیں۔
بیانکا ڈیاس سوشل میڈیا پر تقریباً 60ہزار فالوورز رکھتی تھیں اور لائف سٹائل و ماڈلنگ سے متعلق مواد شیئر کرتی تھیں، انہوں نے آخری پوسٹ گزشتہ سال دسمبر میں کی تھی جس میں انہوں نے سا پالو میں گاڑی کے اندر لی گئی سیلفی شیئر کی تھی، مقامی حکام نے واقعے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔




