امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رمضان المبارک کی آمد پر دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔
وائٹ ہائوس کی آفیشل ویب سائٹ پر جاری ایک خصوصی پیغام میں ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جاری بیان میں لکھا گیا ہے کہ ہر رمضان روحانی تجدید اور خدا کی ان گنت نعمتوں کا شکر ادا کرنے کا وقت ہوتا ہے، بہت سے امریکی شہریوں کیلئے یہ مقدس وقت نماز اور روزے پر زور دیتا ہے، رمضان رشتوں کو مضبوط بناتا، ہمدردی اور عاجزی کی ہماری مشترکہ اقدار کی تصدیق کرتا ہے جبکہ آزادی سے عبادت کرنے کا خدا کا دیا ہوا حق ہماری قوم کی پہچان اور ہماری خوشحالی اور طاقت کا ستون ہے۔
بیان میں لکھا گیا ہے اسی وجہ سے ہر روز میری انتظامیہ اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ تمام شہری اپنے عقائد کے مطابق آزادی سے عبادت کر سکیں کیونکہ مذہبی آزادی کا مطلب یہ ہے کہ اپنے مذہب پر کسی بھی ظلم و ستم کے خوف کے بغیر عمل کیا جا سکے، میں اس پر وقار اور خیر سگالی کے وقت پوری دنیا میں خوشیوں، برکتوں، اتحاد اور امن کے قیام کیلئے دعاگو ہوں۔




