سینٹ پیٹرز برگ: چینی وزیر خارجہ اور مر کزی کمیشن برائے خارجہ امور کے دفتر کے ڈائریکٹر وانگ یی نے روس کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ میں برازیل کے صدر کے خصوصی مشیر سیلسو اموریم کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ چین برازیل کے ساتھ تزویراتی تعاون کو مضبوط بنانے اور باہمی سیاسی اعتماد کو گہرا کرنے کے لئے کام کرے گا۔
دونوں رہنماوں کے درمیان یہ ملاقات سلامتی کے امور کے ذمہ دار برکس کے اعلیٰ عہدیداروں کے اجلاس کے موقع پر ہوئی ۔
وانگ جو کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن بھی ہیں نے کہا کہ چین اور برازیل اہم مستحکم قوتیں اور اہم ترقی پذیر ممالک ہیں اور دنیا کے امن، استحکام اور ترقی میں مزید کردار ادا کریں گے۔
وانگ نے کہا کہ چین برازیل کے ساتھ تزویراتی تعاون کو مزید فروغ دینے ، سیاسی باہمی اعتماد کو بہتر بنانے ، باہمی فائدہ مند تعاون کو وسعت دینے اور دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لئے تیار ہے۔
اس موقع پر اموریم نے کہا کہ برازیل اور چین نے قریبی رابطے برقرار رکھے ہیں ، باہمی اعتماد اور موثر تعاون کو مستحکم کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ برازیل دونوں ممالک کے درمیان اہم اعلی سطحی بات چیت کے اگلے مرحلے کی تیاری اور دوطرفہ تعلقات کی مزید ترقی کو فروغ دینے کے لئے چین کے ساتھ کام کرنے کا خواہاں ہے۔
دونوں رہنماوں نے مشترکہ آواز اٹھانے اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لئے برکس شراکت داروں کے ساتھ تعاون کرنے پر آمادگی کا اظہار کیا تاکہ برکس تعاون کے زیادہ سے زیادہ نتائج حاصل کیے جاسکیں۔
دونوں عہدیداروں نے یوکرین کے بحران پر بھی تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ وہ جنگ روکنے اور امن کو فروغ دینے کے لئے مزید ممالک کے متحد ہونے اور مزید بین الاقوامی اتفاق رائے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
