جنوری 2026ء میں ملکی برآمدات میں 35فیصد اضافہ، درآمدات میں 5 فیصد کمی ریکارڈ، جبکہ تجارتی خسارہ 29فیصد کم ہوگیا۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ماہ (جنوری 2026 ئ) میں پاکستان کی برآمدات کا حجم پہلی بار 35 فیصد اضافے سے 3.1 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے جبکہ جنوری میں درآمدات 5 فیصد کم ہوکر 5.8 ارب ڈالر رہ گئیں۔
رپورٹ کے مطابق ماہانہ تجارتی خسارہ 29 فیصد کم ہوکر 2.7ارب ڈالر تک محدود رہ گیا ہے، تاہم رواں مالی سال2025-26ء کے پہلے 7ماہ میں تجارتی خسارے میں 28فیصد اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جولائی2025ء تا جنوری 2026 تجارتی خسارہ 17ارب ڈالر سے بڑھ کر 22ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق جولائی تا جنوری برآمدات 7فیصد کمی سے 18.19 ارب ڈالر رہیں، اس دوران درآمدات 9.42 فیصد بڑھ کر 40 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں، گزشتہ سال 7ماہ میں 36.77 ارب ڈالر کی درآمدات کی گئی تھیں جبکہ جنوری 2025 کے مقابلے برآمدات میں 3.73فیصد اضافہ ہوا۔
مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد کے مطابق بڑھتی ماہانہ برآمدات اور کم ہوتی درآمدات معیشت میں بہتری کے آثار ہیں، کم توانائی لاگت اور شرح سود میں کمی سے برآمدات مزید بڑھنے کا امکان ہے۔




