کانگ ڈینگ: چین کے جنوب مغربی صوبے سیچھوان کے شہر کانگ ڈینگ میں سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے 4 افراد ہلاک اور 23 لاپتہ ہو گئے۔
مقامی حکام کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ روز الصبح تقریباََ 3 بجکر 30 منٹ پرگارزے کے تبتی خود مختار پریفیکچر کے شہر کانگ ڈینگ میں پیش آیا جہاں ایک سرنگ گرگئی اور ریڈی گاؤں میں گھر تباہ ہو گئے۔
مقامی ریسکیو ہیڈکوارٹرز نے منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 16 افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے جن میں سے 4 کو گھر بھیج دیا گیا ہے جبکہ 12 افراد زیرعلاج ہیں تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ہیڈ کوارٹر نے بتایا کہ سرنگوں کے درمیان پل منہدم ہونے سے 4 گاڑیاں گری تھیں جس میں سوار ایک شخص کو بچاکرطبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا ہے جبکہ 10 افراد لاپتہ ہیں۔
مقامی حکام کے مطابق حادثے کے بعد بڑے پیمانے پر امدادی سرگرمیاں شروع کردی گئی تھی اور 1 ہزار 448 امدادی کارکن مثاثرہ علاقوں میں کام میں مصروف ہیں۔ 939 متاثرین کی منتقلی اور دوبارہ آبادی کا کام مکمل ہوچکا ہے۔
یہ گاؤں سطح سمندر سے 1 ہزار 300 میٹر کی بلندی پر ایک وادی میں واقع ہے جبکہ آس پاس کے پہاڑ سطح سمندر سے 5 ہزار میٹر سے زیادہ بلند ہیں۔
ایک مقامی عہدیدار نے شِںہوا کو بتایا کہ دریا کےمقامی نگران افسر نے دیکھا تھا کہ شدید بارش سے دریا میں کیچڑ جمع ہورہا ہے جس کے باعث گاؤں والوں کو مٹی کے تودے گرنے سے 10 منٹ قبل علاقے سے نکل جانے کی ہدایت کر دی گئی تھی۔