قومی اسمبلی نے یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔
منگل کو قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں قواعد کو معطل کر کے یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے قرارداد پیش کی گئی۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ جموں و کشمیر ایک عالمی تنازع ہے، اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کیا جائے، ایوان برطانیہ کی پارلیمنٹ میں جموں و کشمیر سے متعلق ہونے والی بحث خوش آئند قرار دیتا ہے۔
قرارداد میں کہا گیا کہ ایوان بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، بھارتی فورسز کی مقبوضہ کشمیر میں مظالم اور بربریت اور بھارت کی جانب سے 5اگست 2019ء کے غیر قانونی یک طرفہ اقدام کی مذمت کرتا ہے۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ بھارت 5اگست 2019ء کے اقدام کو فوری واپس لے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور جموں و کشمیر تنازع کے حل میں فعال کردار ادا کرے۔
قرارداد میں مئی 2025 کے معرکہ حق کے بعد امریکی صدر ٹرمپ کے مسئلہ کشمیر پر مثبت بیانات کا بھی خیر مقدم کیا گیا ہے۔




