منگل, جنوری 20, 2026
تازہ ترینچین کے شہر تیانجن سے آذربائیجان کے لئے کیسپین کے پار مال...

چین کے شہر تیانجن سے آذربائیجان کے لئے کیسپین کے پار مال بردار روٹ کا آغاز

تیانجن (شِنہوا) چین کی شمالی تیانجن بلدیہ سے آذربائیجان کے شہر باکو کے لئے بحیرہ کیسپین کے پار پہلی چین-وسطی ایشیا مال بردار ٹرین روانہ ہو گئی۔ اس ٹرین میں سٹین لیس سٹیل کے پائپ اور بجلی کے گھریلو آلات جیسا سامان لدا ہوا ہے۔

چائنہ ریلوے بیجنگ گروپ کے زیر انتظام چلنے والی یہ ٹرین چین کے شمال مغربی سنکیانگ ویغور خودمختار علاقے میں واقع ہورگوس پورٹ کے راستے ملک سے باہر نکلے گی جس کے بعد یہ قازقستان سے گزرے گی اور بالآخر بحیرہ کیسپین کے ذریعے بحری جہاز پر لاد کر باکو پہنچائی جائے گی۔

تیانجن کنٹینر سنٹر سٹیشن سے وابستہ یانگ جون یونگ کا کہنا ہے کہ یہ نیا روٹ تیانجن کو آذربائیجان، قازقستان اور دیگر ممالک سے ملانے والا ایک مستحکم اور موثر مال بردار چینل فراہم کرتا ہے۔

یانگ کے مطابق تقریباً 7 ہزار کلومیٹر پر محیط یہ سفر تقریباً 20 دنوں میں مکمل ہوگا جس سے روایتی بحری راستے کے مقابلے میں سفر کے وقت میں تقریباً 10 دن کی کمی واقع ہوگی۔

آذربائیجان کا دارالحکومت باکو کیسپین کے پار بین الاقوامی ملٹی موڈل ٹرانسپورٹ کوریڈور میں ایک اہم مرکز کی حیثیت رکھتا ہے۔ تیانجن سے پہنچنے والے سامان کو باکو سے مزید دیگر مقامات تک تقسیم کیا جا سکتا ہے۔

2025 میں اس سٹیشن سے مجموعی طور پر 390 چین-یورپ (وسطی ایشیا) مال بردار ٹرینیں چلائی گئیں جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 38 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہیں۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!