مغربی ہوائوں کا سلسلہ ملک میں داخل ہوگیا ہے جس کے باعث محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، لاہور، ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں بارش جبکہ مری، گلیات، چترال، دیر، سوات اور کالام میں شدید برفباری کی پیشگوئی کی ہے دوسری جانب بلوچستان میں آئندہ ہفتے بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں 19 جنوری کو مغربی ہوائوں کا نیا سسٹم داخل ہوگا جس سے کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین اور قلعہ عبداللہ میں بارش و ژالہ باری کی توقع ہے، 21سے 23جنوری کے دوران کوئٹہ اور زیارت میں برفباری کا امکان ہے، شمالی اور وسطی بلوچستان میں درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے، ژوب، ہرنائی، لورالائی اور قلعہ سیف اللہ میں سڑکوں پر پھسلن کا خدشہ ہے جبکہ خضدار، پنجگور، کیچ، گوادر اور لسبیلہ میں بارش کی توقع ہے۔
19جنوری تک گلگت بلتستان، کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا میں وقفے وقفے سے تیز ہوائوں اور گرج چمک کیساتھ بارش جبکہ ہلکی سے درمیانی برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 18سے 20جنوری کے دوران مری، گلیات اور گرد و نواح میں بارش اور برفباری کا امکان ہے، 20 سے 23جنوری کے دوران گلگت بلتستان، کشمیر، اسلام آباد، مری، گلیات، خطہ پوٹھوہار، سرگودھا، گوجرانوالہ، لاہور، ساہیوال، ملتان، فیصل آباد، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویژن کے اضلاع میں بارش متوقع ہے۔
پشاور، ہزارہ، مالاکنڈ، مردان، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن کے اضلاع میں اکثر مقامات پر وقفے وقفے سے تیز ہوائوں اور گرج چمک کیساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔




