چین کے مشرقی صوبے انہوئی کے شہر ہیفے میں منعقدہ 7 ویں عالمی صوتی نمائش میں ایک لڑکا مصنوعی ذہانت سے چلنے والے پیڈ کو جانچ رہا ہے۔(شِنہوا)
ماسکو (شِنہوا) چینی مصنوعی ذہانت (اے آئی) ایپلی کیشن ڈیپ سیک نے اپنے اعلیٰ معیار کے مواد اور رسائی کی بدولت روسی صارفین میں مقبولیت حاصل کرلی ہے۔
خبر رساں ادارے آر آئی اے نے اپنی ایک رپورٹ میں روس کے سب سے بڑے موبائل آپریٹر ایم ٹی ایس کے اے آئی سیگمنٹ کی پریس سروس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ڈیپ سیک بنیادی طور پر کمپنی کے لارج لینگویج ماڈل کا استعمال کرتے ہوئے تیار کردہ اعلیٰ معیار کے مواد کے ساتھ ساتھ اس کی مصنوعات کی دستیابی کی بدولت مقبول ہوئی ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی کے برعکس ڈیپ سیک بلامعاوضہ خد مات فراہم کرتی ہے اور روس میں باآسانی ڈاؤن لوڈ کی جاسکتی ہے۔ ڈیپ سیک جیسی نئی مفت اور قابل رسائی ایپلی کیشنزکے اضافے سے چیٹ جی پی ٹی کے صارفین کی تعداد کم ہونے کا امکان ہے۔
روسی موبائل آپریٹرز ٹی 2 اور یوٹا نے بھی اس سے قبل ملک بھر میں ڈیپ سیک میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کا ذکر کیا ہے۔ ٹی 2 کے اعداد و شمار کے مطابق ڈیپ سیک کے ماہانہ صارفین جنوری میں چیٹ جی پی ٹی کے مقابلے میں 15 فیصد زیادہ تھے۔
