بیجنگ: چینی وزیر خارجہ وانگ یی سے امریکی صدر کے سینئر مشیر برائے بین الاقوامی موسمیاتی پالیسی جان پوڈیسٹا نے بیجنگ میں ملاقات کی۔
گزشتہ روز ہونے والی ملاقات میں چینی وزیر خارجہ اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ(سی پی سی) کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن وانگ یی نے کہا کہ اس سال دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 45 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔
وانگ یی نے کہا کہ 45 سالہ سفارتی تعلقات کے تجربے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ چین اور امریکہ کو حریف بننے کے بجائے شراکت دار بننا چاہیے اور یہ کہ دونوں ممالک کو جارحانہ مقابلہ کرنے کے بجائے ایک دوسرے کی کامیابی کو ممکن بنانا چاہیے۔
وانگ یی نے کہا چین سان فرانسسکو میں دونوں ممالک کے صدور کے درمیان طے پانے والی مشترکہ مفاہمت پر عمل کرنے، دو بڑے اور اہم ممالک کے طور پر ایک دوسرے کے ساتھ چلنے کا صحیح راستہ تلاش کرنے اور دو طرفہ تعلقات کی مستحکم، مضبوط اور پائیدار ترقی کے لیے امریکہ کے ساتھ کام کرنے کا خواہاں ہے۔
اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ چین ماحول دوست ،کم کاربن اور پائیدار ترقی کے لیے پرعزم ہے، چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی پر بات چیت اور تعاون نہ صرف دو طرفہ تعلقات کا لازمی حصہ ہے بلکہ دونوں سربراہان مملکت کے درمیان طے پانے والے اتفاق رائے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ایک اہم اقدام بھی ہے۔
