بیجنگ (شِنہوا) چین کی نان جنگ زرعی یونیورسٹی (این اے یو) نے سینونگ متعارف کرایا ہے جو کہ عمومی زرعی شعبے کے لئے وقف ملک کا پہلا اوپن سورس عمودی لارج لینگویج ماڈل (ایل ایل ایم) ہے۔
سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈیلی کی رپورٹ کے مطابق اس ماڈل کا اجرا چین میں بنیادی اے آئی ماڈل کی تحقیق اور زراعت میں اس کے اطلاق کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت ہے۔
اس ماڈل کو ایک وسیع اور منظم زرعی ڈیٹا سیٹ پر ترتیب دیا گیا ہے جس میں حیوانات، زرعی معاشیات و انتظام، زرعی وسائل و ماحول، باغبانی، سمارٹ زراعت، ویٹرنری میڈیسن، پودوں کے تحفظ اور فصلوں کی افزائش جیسے شعبوں کا خصوصی ڈیٹا شامل ہے۔
این اے یو کے مطابق سینونگ اب مکمل طور پر اوپن سورس ہے اور ماڈل سکوپ اور گٹ ہب جیسے پلیٹ فارمز پر دستیاب ہے۔ اس اوپن سورس حکمت عملی کا مقصد زراعت میں مصنوعی ذہانت کے اطلاق میں رکاوٹوں کو کم کرنا ہے، تاکہ تحقیقی ادارے، کاروباری ادارے اور ڈویلپرز سینونگ کو ثانوی ترقی اور جدت کے لئے استعمال کر سکیں اور اس طرح سمارٹ زرعی حل کے لئے باہمی تعاون کا ایک نظام قائم کیا جا سکے۔




