بیجنگ (شِنہوا) چین کی ڈاک کی صنعت نے 2025 میں 216.5 ارب اشیاء کی ترسیل کی جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 11.5 فیصد زیادہ ہے۔ یہ اعداد و شمار بدھ کو 2026 کے دوران قومی ڈاک کی کارکردگی کے متعلق کانفرنس میں جاری کئے گئے۔
صرف کوریئر کے شعبے نے 199 ارب پارسل کی ترسیل کی جو 2024 کے مقابلے میں 13.7 فیصد کے اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔
ریاستی محکمہ ڈاک کے سربراہ ژاؤ چھونگ جیو نے کانفرنس میں کہا کہ ڈاک کی صنعت کی کل کاروباری آمدن 2025 میں 18 کھرب یوآن (تقریباً 256.5 ارب امریکی ڈالر) تک پہنچ گئی جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 6.4 فیصد زیادہ ہے۔ کوریئر سروسز سے حاصل ہونے والی آمدنی 6.5 فیصد بڑھ کر 15 کھرب یوآن ہو گئی۔
ژاؤ نے کہا کہ صنعت نے مستحکم اور مثبت ترقی کا رجحان برقرار رکھا ہے، اہم اعداد و شمار مستحکم نمو ظاہر کرتے ہیں اور یہ شعبہ اقتصادی اور سماجی ترقی کو فروغ دینے میں اپنا کردار مزید مضبوط کر رہا ہے۔




