اسلام آباد: امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی جس میں باہمی وعلاقائی امور،افغان پناہ گزینوں کے تحفظ،معاشی شعبوں میں تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تفصیلا ت کے مطابق امریکی سفارتخانے کے ترجمان جوناتھن لالی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی جس میں باہمی وعلاقائی امور بشمول افغان پناہ گزینوں سے متعلق امور پر بات چیت ہوئی ہے۔
ملاقات میں پناہ کے خواہاں افراد کا تحفظ، معاشی شعبوں میں تعاون، سیکورٹی، انسداد دہشت گردی اور علاقائی تعاون پربھی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان پاکستان کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غیر مستقل رکن کی حیثیت سے اپنی مدت کا آغاز کرنے پر بھی گفتگو ہوئی ہے۔
امریکی سفیر نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس سے متعلق پاکستان کی ترجیحات بارے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے خیالات کا خیر مقدم کیا ہے۔
