قطر نے ایک بار پھر امریکہ سے غزہ میں اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیاں فوری طورپر رکوانے کا مطالبہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ غزہ تک انسانی امداد غیر مشروط طور پر پہنچنی چاہئے اور جنگ بندی کے اگلے مرحلے کے آغاز میں اب مزید تاخیر سے کام نہیں لیا جانا چاہئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ مطالبہ قطری وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان بن جاسم آلثانی نے واشنگٹن میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کے بعد کیا جہاں ساتویں امریکا قطر سٹریٹجک ڈائیلاگ کے موقع پر غزہ کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
وزیراعظم نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کی روزانہ جنگ بندی کی خلاف ورزیاں نہ صرف موجودہ معاہدہ کو کمزور کر رہی ہیں بلکہ پورے امن عمل کو سبوتاژ کرنے کے خطرے سے دوچار کر چکی ہیں، انہوں نے فوری طور پر جنگ بندی معاہدہ کے دوسرے مرحلے کے آغاز پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تاخیر اور مسلسل خلاف ورزیاں ثالثوں کو انتہائی مشکل صورتحال میں دھکیل رہی ہیں۔
ادھر غیر ملکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ 10 اکتوبر کو جنگ بندی کے نفاذ کے بعد سے اب تک اسرائیل کم از کم 738 مرتبہ معاہدے کی خلاف ورزی کر چکا ہے جس میں 394 فلسطینی شہید اور ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں، واشنگٹن میں ہونیوالی بات چیت کا مرکزی نکتہ اسرائیل پر دبائو ڈالنا تھا کہ وہ اسرائیل کو غزہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزیوں سے روکے۔



