سڈنی(شِنہوا)آسٹریلیا کی پولیس نے کہا ہے کہ سڈنی کی بونڈی بیچ میں ہونے والے فائرنگ کے ہلاکت خیز واقعے میں بچ جانے والے مبینہ حملہ آور پر 59 الزامات عائد کر دئیے گئے ہیں۔
آسٹریلوی ریاست نیو ساؤتھ ویلز (این ایس ڈبلیو) کی پولیس نے یہودی تہوار حنوکا کے پہلے دن ہونے والے ایک پروگرام پر حملے کے بعد گزشتہ روز 24 سالہ نوید اکرم پر 59 الزامات عائد کئے جن میں قتل کے 15 اور دہشت گردانہ کارروائی کا ایک الزام بھی شامل ہے۔
نوید اکرم، جو کومہ سے باہر آگیا ہے، پولیس کی نگرانی میں ہسپتال میں زیر علاج ہے۔
قتل اور دہشت گردی کے الزامات کے علاوہ نوید اکرم پر جان لیوا نقصان پہنچانے کے ارادے سے آتشیں اسلحہ چلانا، ممنوعہ دہشت گردانہ علامت کو عوامی مقام پر ظاہر کرنے اور نقصان پہنچانے کے ارادے سےعمارت کے قریب یا اس کے اندر دھماکہ خیز مواد رکھنے کا ایک ایک الزام بھی عائد کیا گیا ہے جبکہ 40 الزامات لوگوں کو قتل کرنے کی غرض سے زخمی کرنے کے عائد کئے گئے ہیں۔
آسٹریلوی حکام نے منگل کے روز کہا تھا کہ یہ حملہ داعش کے نظریے سے متاثر ہوکر کیا گیا۔ انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ نوید اکرم کی گاڑی سے داعش کے دو جھنڈے اور دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات برآمد ہوئے۔



