لاہور: رہنماء پی ٹی آئی عمر ایوب نے کہا ہے کہ ساری دنیا انتخابات پر اعتراض کررہی، پی ٹی آئی کو مینڈیٹ واپس ملنا چاہئے، عدت کیس کا فیصلہ چیلنج کریں گے، بجٹ عوام پر قاتلانہ حملہ، وزیراعظم نے تسلیم کیا یہ آئی ایم ایف کا بجٹ ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ کل اسمبلی سے پاس کرایا گیا بجٹ عوام پر قاتلانہ حملہ ہے، وزیراعظم نے تسلیم کیا یہ آئی ایم ایف کا بجٹ ہے، پارلیمنٹ میں میری بجٹ تقریر کی کسی ممبر نے تردید نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ محسن نقوی حکومت نے ساڑھے 400ارب روپے کی گندم درآمد کی ،اس پر بہت کمیشن بنایا گیا، کاشت کاروں نے اپنی فصل کوڑیوں کے داموں بیچی، جبکہ اب برآمد کرنے کا عندیہ دیا جارہا ہے ،دوبارہ سے اس پر پیسہ بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ساری دنیا انتخابات پر اعتراض کر رہی ہے، پی ٹی آئی کو اس کا مینڈیٹ واپس ملنا چاہئے، امریکی حکومت نے بھی الیکشن رپورٹ پر قراداد پیش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بطور سیکرٹری جنرل عہدے سے انصاف نہیں کرسکا، مصروفیات کے باعث استعفیٰ دیا ۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ عدت کیس کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا جائے گا۔