پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد کے بلدیاتی الیکشن میں بھرپور شرکت کا اعلان کردیا ہے اس سلسلے میں تحریک انصاف اسلام آباد کے تمام سٹیک ہولڈرز کا اجلاس ہوا جس کی صدارت صدر اسلام آباد ریجن عامر مسعود مغل نے کی، ریجنل سیکرٹری اور چیئرمین بلدیات کمیٹی ملک عامر علی اعوان سمیت سینئر قیادت نے بھی اجلاس میں شرکت کی، سینیٹر فوزیہ ارشد، شعیب شاہین، سید فرزند شاہ اور علی بخاری بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت کی جانب سے بلدیاتی ایکٹ میں متنازع ترامیم کے باوجود الیکشن میں حصہ لیں گے اور تحریک انصاف بلدیاتی الیکشن میں ضلع بھر میں کلین سویپ کریگی، اجلاس میں ملک عامر علی اعوان کی قیادت میں بلدیات کمیٹی کے فوری قیام کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت مشترکہ انتخابی منشور اور کمپین ٹیم تشکیل دی جائیگی، الیکشن مہم اور کاغذات نامزدگی کیلئے لیگل ٹیم کے قیام کا اعلان بھی کیا گیا، پارلیمانی بورڈ میرٹ کی بنیاد پر ٹکٹس تقسیم کریگا۔
ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق قربانیاں دینے والے نظریاتی کارکنان کو ٹکٹس میں ترجیح دی جائیگی، تمام یونین کونسلز میں پارٹی امیدواروں کی موجودگی یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔



