ایف آئی اے نے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی کے دوران غیر قانونی طریقے سے یورپ جانے کی کوشش کرنیوالا مسافر گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت محمد احمد کے نام سے ہوئی ہے جس کا تعلق گجرات سے ہے، ملزم غیر قانونی طور پر یورپ جانے کی کوشش کر رہا تھا جبکہ اسے پہلے مالدووا سے جعلی سفری دستاویزات کی بنیاد پر ڈی پورٹ کیا گیا تھا۔
ترجمان کے مطابق ملزم نے یورپ جانے کیلئے عدنان شریف نامی ایجنٹ سے رابطہ کیا تھا جس نے 30 لاکھ روپے کے عوض غیر قانونی طریقے سے یورپ بھجوانے کا وعدہ کیا۔
ملزم سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے وزٹ ویزے پر بحرین گیا، جہاں سے ایجنٹ نے اسے آذربائیجان بھجوایا اور بعد ازاں مالدووا کا ای ویزا فراہم کیا۔ امیگریشن کلیئرنس کے دوران مالدووا امیگریشن اتھارٹی نے جعلی دستاویزات پر ملزم کو ڈی پورٹ کیا۔
ترجمان کے مطابق ایجنٹ نے ملزم کو مالدووا سے غیر قانونی سرحدی راستوں کے ذریعے دیگر یورپی ممالک منتقل کرنے کا کہا تھا۔
ترجمان کے مطابق ملزم کو مزید تحقیقات کیلئے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے حوالے کردیاگیا ہے۔



