بیجنگ: چین کے دفاعی ترجمان نے کہا ہے کہ امریکہ، برطانیہ اور آسٹریلیا کی سکیورٹی شراکت داری اوران تینوں ممالک کے بین الاقوامی جوہری تعاون کا معاہدہ بین الاقوامی جوہری عدم پھیلاو نظام کیلئے انتہائی نقصان دہ ہے۔
وزارت قومی دفاع کے ترجمان وو چھیان نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ ان اقدامات نے جوہری ہتھیار رکھنے والے ممالک سے غیر جوہری ہتھیار رکھنے والے ممالک کو جوہری توانائی سے چلنے والے آبدوز ری ایکٹرز اور ہتھیاروں کی انتہائی افزودہ یورینیم کی بڑی مقدار کی منتقلی کی راہ ہموار کر دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات عالمی سطح پر جوہری ہتھیاروں کی دوڑ کو ہوا دیتے ہیں اور علاقائی امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم متعلقہ فریقوں پر زور دیتے ہیں کہ وہ بین الاقوامی برادری کی بصیرت افروز آوازوں کو سنجیدگی سے سنیں، سرد جنگ اور زیرو سَم کی ذہنیت سے اپنے جنون کو ترک کریں اور غلط اور خطرناک راستے پر مزید آگے بڑھنے سے گریز کریں۔
