ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی قوم نے حالیہ بارہ روزہ جنگ میں امریکا اور صیہونی رجیم کو واضح اور تاریخی شکست دی ہے، دشمن پوری تیاری کیساتھ آیا شر پھیلایا لیکن شکست کھا کر خالی ہاتھ واپس لوٹ گیا۔
سرکاری ٹی وی پر اہم خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غزہ اور لبنان کی مزاحمتی تحریکیں ایرانی تحریک کی اقدار اور اصولوں پر قائم ہیں جنہوں نے خطے میں ظلم کیخلاف مضبوط محاذ بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت نے اس جنگ کیلئے بیس سال تک منصوبہ بندی کی تھی لیکن ایرانی دفاعی نظام اور قومی مزاحمت کے سامنے وہ اپنے مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔
امریکا اور اسرائیل نے ایران پر حملے کے دوران بھرپور کوشش کی لیکن انہیں اپنے اہداف میں ناکامی کے سوا کچھ نہ ملا، ایرانی قوم کی استقامت نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ کسی بھی بیرونی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے ،علاقائی مزاحمتی قوتیں ایرانی نظریہ سے تقویت پا رہی ہیں۔




