چائنہ ایسٹرن ایئر لائنز نےشنگھائی-آکلینڈ-بیونس آئرس فضائی روٹ کا آغاز کر دیا-(شِنہوا)
آکلینڈ(شِنہوا)چائنہ ایسٹرن ایئرلائنز نے آکلینڈ اور بیونس آئرس کو ملانے والے اپنے نئے بین البراعظمی فضائی روٹ کے آغاز کے جشن کے طور پر آکلینڈ ایئرپورٹ اور لاطینی امریکہ نیوزی لینڈ بزنس کونسل کے اشتراک سے آکلینڈ میں ایک تشہیری تقریب کا انعقاد کیا۔
تقریب میں سفارتی اور سرکاری نمائندوں کے نامور گروپ نے شرکت کی جن میں آکلینڈ کے میئر وین براؤن، نیوزی لینڈ میں ارجنٹائن کی سفیر ماریا بیلن بوگاڈو اور آکلینڈ میں چین کے نائب قونصل جنرل لیو پینگ شیانگ شامل تھے۔
تقریب میں ایک گول میز فورم شامل تھا جس میں شرکاء نے اس نئے فضائی روٹ کی تزویراتی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا جو ہوابازی، تجارت اور ثقافتی تبادلے میں سہ فریقی تعاون کو فروغ دے گا۔
چائنہ ایسٹرن ایئر لائنز کے اوشیانا کے لئے ڈپٹی جنرل منیجر برائے مارکیٹنگ اینڈ سیلز ہان جیانگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ نیا روٹ چائنہ ایسٹرن کے عالمی رابطوں کے سفر میں ایک تاریخی سنگ میل ہے اور یہ چین اور جنوبی امریکہ کے درمیان پہلا براہ راست فضائی رابطہ ہے۔ یہ صرف ایک پرواز نہیں بلکہ تعاون، تبادلے اور دوستی کی علامت ہے جو سیاحت، کاروبار اور ثقافتی تعلقات کے لئے نئی راہیں کھولتا ہے۔
لیو پینگ شیانگ کا کہنا تھا کہ شنگھائی-آکلینڈ-بیونس آئرس روٹ کا افتتاح چین، نیوزی لینڈ اور لاطینی امریکی ممالک کے درمیان گہرے ہوتے ہوئے تعاون کا مظہر ہے۔
تقریب میں چینی اور لاطینی امریکی فنکاروں کی جانب سے رنگارنگ ثقافتی پروگرام بھی پیش کئے گئے جنہوں نے دوستی اور باہمی احترام کی اس روح کو اجاگر کیا جو اس نئے فضائی تعاون کی بنیاد ہے۔
شنگھائی-آکلینڈ-بیونس آئرس فضائی سفر 4 دسمبر سے شروع ہونے کی توقع ہے۔ آکلینڈ کے راستے شنگھائی سے بیونس آئرس تک ہفتے میں 2 بار پرواز اڑے گی۔




