ایرانی اسلامی انقلاب گارڈز کے اہلکار عسکری مشقوں میں مصروف ہیں-(شِنہوا)
تہران(شِنہوا)ایرانی اسلامی انقلاب گارڈز کور (آئی آر جی سی) نے اپنے 2 مقامی بیلسٹک میزائلوں کے جدید ورژن اور اسرائیل کے ساتھ 12 روزہ جنگ کے دوران نقصان پہنچنے والے لانچرز کو نئی شکل دے کر پیش کیا ہے۔
ایران کے ریاستی ٹی وی آئی آر آئی بی نے بتایا ہے کہ یہ میزائل اور لانچرز آئی آر جی سی کی سپیس فورسز کے ماتحت ہیں۔ انہیں آئی آر آئی بی کی جانب سے نشر کی گئی ایک ویڈیو رپورٹ میں دکھایا گیا ہے جس میں آئی آر جی سی کے 2 میزائل بیسز کا تعارف کروایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق جدید بیلسٹک میزائلز "عماد” اور "قدر” ہیں، جس میں قدر میزائل کو اینٹی الیکٹرانک وار فیئر آلات سے لیس کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں آئی آر جی سی کی سپیس فورس کے ایک سینئر کمانڈر کا حوالہ دیا گیا ہے، جن کی شناخت سکیورٹی وجوہات کی بنا پر ظاہر نہیں کی گئی، ان کا کہنا ہے کہ فورس کی میزائل طاقت "ہر گھنٹے بڑھ رہی ہے” اور نئے جدید میزائل لانچرز پر نصب ہیں اور حکم ملتے ہی فائر کرنے کے لئے تیار ہیں۔
13 جون کو اسرائیل نے ایران کے کئی علاقوں بشمول جوہری اور فوجی مقامات پر بڑے پیمانے پر اچانک فضائی حملے کئے تھے، جن میں سینئر کمانڈرز، جوہری سائنسدانوں اور شہریوں کی ہلاکت ہوئی تھی۔
