چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان کے پہلے ہائپر اسپیکٹرل سیٹلائٹ ایچ ایس ون کی خلا میں کامیاب روانگی پر قوم کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عظیم کامیابی پاکستان کی سائنسی، تحقیقی اور تکنیکی استعداد کی شاندار عکاس ہے، پاکستان جدید سائنسی تحقیق اور خلائی ٹیکنالوجی کے نئے دور میں داخل ہو چکا ہے۔
اتوار کوسینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ قوم نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ علم، تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ہے،سپارکو کے سائنس دانوں، انجینئرز اور تکنیکی عملے کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہائپر اسپیکٹرل سیٹلائٹ قومی خلائی پالیسی اور وژن 2047 کے حصول کی سمت ایک اہم سنگِ میل ہے، یہ سیٹلائٹ زرعی منصوبہ بندی، ماحولیاتی نگرانی، شہری منصوبہ بندی اور قدرتی آفات کی پیشگوئی میں معاون ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان جدید سائنسی تحقیق اور خلائی ٹیکنالوجی کے نئے دور میں داخل ہو چکا ہے۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل میں تخلیقی صلاحیت، جذبہ خدمت اور عالمی معیار کی مہارت موجود ہے، پاکستانی نوجوان سائنس، ٹیکنالوجی اور تحقیق کے میدان میں آگے بڑھ کر ترقی یافتہ قوموں میں پاکستان کا مقام مستحکم کرے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی پوری قوم کے لیے فخر و مسرت کا لمحہ ہے، پاکستانی قوم نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں، عزم و حوصلے اور اتحاد سے ہر چیلنج پر قابو پا سکتی ہے۔
