کویت کے ہوالی گورنریٹ میں چینی ثقافتی مرکز میں چینی کاغذ کی کٹائی کرنے والا فنکار مہمانوں سے محو گفتگو ہے-(شِنہوا)
کویت سٹی (شِنہوا) کویت میں چینی ثقافتی مرکز کے افتتاح کی باقاعدہ تقریب منعقد ہوئی اور یہ خلیج کے علاقے میں پہلا چینی ثقافتی مرکز ہے جو اب مکمل طور پر فعال ہے۔
کویت میں چینی سفارتخانے کے ناظم الامور لیوشیانگ نے تقریب کے دوران کہا کہ کویت میں چینی ثقافتی مرکز، جو خلیجی علاقے میں اپنی نوعیت کا پہلا مرکز ہے، چین اور کویت دوستی کی علامت اور دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی اور عوامی تبادلوں کو بڑھانے کے لئے ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ مرکز ستمبر 2023 سے آزمائشی طور پر کام شروع کر رہاہے اور تب سے ثقافتی تبادلے اور تہذیبی مکالمے کو فروغ دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ کویت میں چینی ثقافتی مرکز دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون کی کہانی میں ایک اور شاندار باب رقم کرے گا۔
ثقافتی مرکز کے ڈائریکٹر لیو جن ہونگ نے کہا کہ باقاعدہ افتتاح ایک نیا آغاز ہے اور دونوں ملکوں کے لوگوں کے درمیان روحانی رابطہ ہے۔
لیو نے کہا کہ یہ مرکز ثقافتی تعاون کو بڑھانے، مختلف تہذیبوں کے درمیان سیکھنے کے عمل کو فروغ دینے اور دونوں ملکوں کی ترقی میں کردار ادا کرنے کے لئے پرعزم ہے۔
کویت کے قومی کونسل برائے ثقافت، فنون اور ادب کی اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل العنود ابراہیم الصباح نے کہا کہ ثقافتی مرکز کا باقاعدہ افتتاح دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تبادلے کے لئے ایک نیا موقع فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ ثقافتی مرکز مکالمے کا ایک مینار اور دوستی اور امن سے جڑی دو ثقافتوں کے لئے ایک پائیدار پل بنے گا۔
افتتاحی تقریب میں چینی اور کویتی ثقافت کے امتزاج پر مبنی مختلف فنکارانہ پروگرامز بھی پیش کئے گئے۔
