سربیا کے شہر بلغراد میں ہنگری-سربیا تیز رفتار ریلوے کی ایک ٹرین کی خاتون میزبان مسافروں کے خیرمقدم کے لئے کھڑی ہے-(شِنہوا)
بلغراد(شِنہوا)سربیا نے بلغراد اور سوبوتیکا کے درمیان تیز رفتار ریل سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ یہ ملک کی پہلی ٹرین سروس ہے جو 200 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلتی ہے۔ یہ منصوبہ چین کے تجویز کردہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) کا ایک اہم حصہ ہے۔
یہ سروس قومی ریلوے کمپنی سربیجا ووز کے تحت چلائی جا رہی ہے۔ 183.1 کلومیٹر طویل سربین سیکشن ہنگری-سربیا ریلوے کا حصہ ہے جو دارالحکومت بلغراد کو ملک کے شمالی حصوں سے جوڑتا ہے۔ انٹر سٹی (سوکو) ٹرین اب یہ سفر صرف 79 منٹ میں مکمل کرتی ہے جبکہ اس سے پہلے یہی سفر پانچ گھنٹے سے زائد میں طے ہوتا تھا۔
پہلی تیز رفتار ٹرین بلغراد مرکز سے دوپہر کے وقت روانہ ہوئی، جس میں 253 مسافر سوار تھے۔ پانچ روزہ تعارفی مدت (8 تا 12 اکتوبر) کے دوران مسافروں کو مفت سفر کی سہولت دی جا رہی ہے۔
یہ ریلوے لائن چائنہ ریلوے انٹرنیشنل اور چائنہ کمیونیکیشنز کنسٹرکشن کمپنی (سی سی سی سی) نے تعمیر کی ہے۔ اس منصوبے سے سیاحت کو فروغ ملنے، سرمایہ کاری کے مواقع بڑھنے اور علاقائی روابط کو مضبوط بنانے کی توقع ہے۔
اس ماہ کے آغاز میں نووی ساد سے سوبوتیکا تک 108 کلومیٹر طویل سیکشن مکمل ہوا جبکہ بلغراد تا نووی ساد سیکشن مارچ 2022 سے فعال ہے۔
سربیا کے شہر سوبوتیکا میں سربیا کے صدر الیگزینڈر ووچچ ہنگری-سربیا تیز رفتار ریلوے کا بورڈ دیکھ رہے ہیں-(شِنہوا)
341.7 کلومیٹر طویل ہنگری۔سربیا ریلوے، جس کا 183.1 کلومیٹر حصہ سربیا سے گزرتا ہے، چین اور یورپ کے درمیان ریلوے تعاون میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
