اتوار, اکتوبر 5, 2025
انٹرنیشنلامریکی وفاقی جج نے پورٹ لینڈ میں نیشنل گارڈ کی تعیناتی عارضی...

امریکی وفاقی جج نے پورٹ لینڈ میں نیشنل گارڈ کی تعیناتی عارضی طور پر روک دی

امریکہ کے شہر لاس اینجلس کے وسطی علاقے میں واقع ایک وفاقی ادارے کی عمارت کے باہر کیلیفورنیا نیشنل گارڈ کے فوجی تعینات ہیں-(شِنہوا)

سان فرانسسکو(شِنہوا)امریکی ریاست اوریگن میں ایک وفاقی جج نے ریاست کے سب سے بڑے شہر پورٹ لینڈ میں نیشنل گارڈ کے 200 اہلکاروں کی تعیناتی کو عارضی طور پر روک دیا ہے۔

ڈسٹرکٹ آف اوریگن کی جج کارن جے ایمرگٹ نے یہ فیصلہ دو ہفتوں کے لئے عبوری حکم امتناعی کی صورت میں جاری کیا، جو 28 ستمبر کو اوریگن اور پورٹ لینڈ کی جانب سے دائر کردہ مقدمے کے بعد سامنے آیا۔

اس مقدمے میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ وزیر دفاع  پیٹ ہیگسیتھ کے اسی دن جاری کردہ میمورنڈم کو فوری طور پر روک دیا جائے، جس میں اوریگن نیشنل گارڈ کو وفاقی کنٹرول میں لے کر پورٹ لینڈ میں تعینات کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔

اپنے فیصلے میں  جج ایمرگٹ نے لکھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نیشنل گارڈ کو آئینی اختیار کے بغیر وفاقی کنٹرول میں لینا اوریگن کے خودمختار حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی نامزد کردہ جج ایمرگٹ نے مزید لکھا کہ اس ملک میں حکومت کی حد سے تجاوز کے خلاف کارروائی کی ایک پرانی اور بنیادی روایت موجود ہے، خاص طور پر جب بات سویلین معاملات میں فوجی مداخلت کی ہو۔

انہوں نے لکھا کہ اس ملک کی تاریخ ہمیں ایک سادہ سی بات سکھاتی ہے کہ یہ ملک مارشل لا کے تحت نہیں بلکہ آئین کے تحت چلتا ہے۔ مدعا علیہان نے کئی دلائل دیئے ہیں اور اگر ان دلائل کو مان لیا جائے تو یہ سول اور فوجی اختیارات کے درمیان فرق کو ختم کر سکتے ہیں جو کہ ملک کے لئے نقصان دہ ہوگا۔

گزشتہ ماہ کے آغاز میں ریاست کیلیفورنیا میں ایک وفاقی جج نے بھی یہ فیصلہ دیا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے جون میں لاس اینجلس میں نیشنل گارڈ اور میرینز کی تعیناتی غیر قانونی تھی۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!