وزیر صحت مصطفی کمال نے ڈینگی مریضوں کی فوری تشخیص وعلاج کیلئے تمام ہسپتالوں میں بخار کے مریضوں کیلئے الگ کائونٹرز قائم کرنے کی ہدایت کردی۔
جمعہ کو وزیر صحت مصطفی کمال کی زیر صدارت ڈینگی صورتحال پر اجلاس ہوا جس میں رکن قومی اسمبلی راجہ خرم شہزاد نواز، انجم عقیل خان، وفاقی سیکرٹری صحت اور ہسپتالوں کے سربراہان شریک ہوئے۔
مصطفی کمال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی کی روک تھام کیلئے مربوط حکمت عملی تشکیل دی ہے، وائرس سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انسداد ڈینگی کیلئے تمام متعلقہ ادارے مل کر کام کریں تاکہ شہریوں کو محفوظ رکھا جا سکے۔انہوں نے ہدایت کی ڈینگی سے نمٹنے کیلئے تعینات عملے کی تین ٹیمیں تشکیل دی جائیں، ٹیموں کو تینوں ایم این ایز کے تحت ذمہ داریاں تفویض کی جائیں تاکہ فیلڈ ورک میں بہتر کوآرڈنیشن اور موثر کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ہسپتالوں میں بخار کے مریضوں کیلئے الگ کائونٹرز قائم کئے جائیں تاکہ ڈینگی کے مشتبہ مریضوں کی فوری تشخیص اور علاج ممکن بنایا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ ڈینگی پھیلائو روکنے کیلئے عوامی آگاہی کیساتھ عملی اقدامات کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔
