آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ 2025 میں قومی کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا اور بنگلادیش کی کپتان نگار سلطانہ کی دوستی خصوصی توجہ کا مرکز بن گئی۔
قومی ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے کہا ہے کہ نگار سلطانہ میری اچھی دوست ہیں اور مجھ سے اکثر میری بیٹنگ کے بارے میں پوچھتی ہیں کیونکہ وہ خود بیٹر ہیں اور میں ایک اچھی آل رانڈر بننا چاہتی ہوں تو اس لیے وہ مجھے بیٹنگ کے لیے بہت ساری تجاویز دیتی رہتی ہیں۔
انہوں نے بتایا ہم نے ایک دوسرے کے خلاف بہت سارے میچز کھیلنے ہیں لیکن وہ میری اچھی دوست ہیں اور ہمارا کھیل کے میدان سے باہر اچھا تعلق ہے۔دوسری طرف نگار سلطانہ نے کہا جب میں گراونڈ میں ہوتی ہوں تو پھر میں نہیں جانتی کہ فاطمہ ثنا کون ہے اور وہ بھی میری وکٹ لینے کی پوری کوشش کر رہی ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا فاطمہ ابھی بہت چھوٹی ہیں اور سیکھ رہی ہیں لیکن مستقبل میں ضرور بہتر کارکردگی دکھائیں گی۔
واضح رہے فاطمہ ثنا اور بنگلادیش کی کپتان نگار سلطانہ کے درمیان دوستی کا آغاز 2023 میں فیئر بریک انویٹیشنل سے ہوا۔
نگار سلطانہ نے بتایا ہمارے درمیان بہت اچھی دوستی ہے، ہم دونوں جب بھی ملتے ہیں تو بہت زیادہ باتیں کرتے ہیں اور تفریح کرتے ہیں۔
یہ دوستی رواں سال کے آغاز میں ورلڈ کپ کوالیفائر کے دوران ابھر کر سامنے آئی جب پاکستان سے ہارنے کے بعد بنگلادیش کی ساری امیدیں ختم ہو گئی تھیں اور نگار سلطانہ بہت افسردہ تھیں اور اپنے کمرے میں بند ہوگئی تھیں لیکن پھر جب بنگلادیش نے ویسٹ انڈیز کو ہرا کر ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرلیا تو انہیں یہ بات سب سے پہلے فاطمہ ثنا نے کال کر کے بتائی۔
