ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے اسرائیل کی جانب سے گلوبل صمود فلوٹیلا پر حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے غیر مسلح شہریوں اور غزہ کے لیے زندگی بچانے والی امداد لے جانے والے جہازوں کو دھونس اور جبر کا نشانہ بنایا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائت ایکس پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ امدادی مشن کو روک کر اسرائیل نے نہ صرف فلسطینی عوام کے حقوق کی توہین کی ہے بلکہ دنیا کے اجتماعی ضمیر کو بھی چیلنج کیا ہے، یہ فلوٹیلا دراصل یکجہتی، ہمدردی اور محاصرے میں گھرے افراد کے لیے امید کی علامت تھا۔
انور ابراہیم نے کہا کہ ملائیشیا اسرائیل کو جواب دہ بنانے کے لیے تمام قانونی اور جائز ذرائع استعمال کرے گا، خاص طور پر ان معاملات میں جہاں ملائیشیائی شہری متاثر ہوں۔
