چینی صدر شی جن پھنگ اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی) اور ریاست کے دیگر رہنماؤں نے بیجنگ کے وسط میں واقع تیان آن من سکوائر میں ایک تقریب میں شرکت کی، جہاں انہوں نے شہید قومی ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے پھول چڑھائے-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چینی صدر شی جن پھنگ اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی) اور ریاست کے دیگر اعلیٰ رہنماؤں نے بیجنگ کے وسط میں واقع تیان آن من سکوائر میں ایک تقریب میں شرکت کی، جہاں انہوں نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے پھول چڑھائے۔
یہ تقریب یوم شہداء کے موقع پر منعقد کی گئی، جو چین میں قومی دن سے ایک دن پہلے منایا جاتا ہے۔ اس سال جاپانی جارحیت کے خلاف چینی عوام کی مزاحمت اور فسطائیت مخالف عالمی جنگ میں فتح کی 80 ویں سالگرہ بھی منائی جا رہی ہے۔
دیگر رہنماؤں میں لی چھیانگ، ژاؤ لے جی، وانگ ہوننگ، کائی چھی، ڈنگ شوئے شیانگ، لی شی اور ہان ژینگ شامل تھے۔ تقریب میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے نمائندے بھی شریک ہوئے۔
صبح 10 بجے تمام شرکاء نے قومی ترانہ پڑھا، جس کے بعد ان ہیروز کی یاد میں ایک لمحے کی خاموشی اختیار کی گئی جنہوں نے چینی عوام کی آزادی اور عوامی جمہوریہ چین کی ترقی کے لئے اپنی جانیں قربان کیں۔
عوامی ہیروز کی یادگار کے سامنے 9 بڑے گلدستے رکھے گئے۔
صدر شی جن پھنگ اور دیگر رہنما یادگار کے قریب گئے، جہاں صدر نے گلدستوں پر بندھے ربن درست کئے۔ پھر یادگار کے گرد چکر لگا کر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔
گلدستوں پرلگے ربن پر”عوامی ہیروز کو لازوال سلام” کی تحریر درج تھی۔ یہ گلدستے کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی، قومی عوامی کانگریس کی قائمہ کمیٹی، ریاستی کونسل، چینی عوامی سیاسی مشاورتی کانفرنس کی قومی کمیٹی، مرکزی فوجی کمیشن، غیر کمیونسٹ جماعتوں، آل چائنہ فیڈریشن آف انڈسٹری اینڈ کامرس، غیر جماعتی محب وطن شخصیات، عوامی تنظیموں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد، سابق فوجیوں، ریٹائرڈ سینئر عہدیداروں، شہداء کے اہل خانہ اور چینی ینگ پاینیئرز کی جانب سے پیش کئے گئے۔
یہ تقریب سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن اور بیجنگ میونسپل کمیٹی کے سیکرٹری یِن لی کی صدارت میں منعقد ہوئی۔
